غیر ملکی سرمایہ کاری ، تجارت اور معاشی سرگرمیوں میں تیزی آچکی ہے ، گورنر سندھ

اتوار 26 مارچ 2017 16:41

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ پاک پرتگال تعلقات خطہ کے لئے انتہائی مفید اور موثر ثابت ہو رہے ہیں، دو طرفہ سرمایہ کاری و تجارت اور وفود کے تبادلوں سے یہ تعلقات عوامی سطح پر بھی قائم ہو چکے ہیں۔ اتوار کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے چارج ڈی افیئرز آف پرتگال کے سفیر Dr.Joao Paulo Marques Sabido Costa سے گورنر ہائوس میں ملاقات میں کیا۔

اس موقع پر پرتگال کے قونصل جنرل فاخر ایاز الدین بھی موجود تھے۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری اور دلچسپی کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم میں اضافے کے لئے مزید سرگرم کوششوں کی ضرورت ہے، صوبہ باالخصوص کراچی میں سرمایہ کاری اور معاشی و سماجی سرگرمیوں میں تیزی خطہ میں غربت اور بے روزگاری کے خاتمہ میں اہم ثابت ہوگی، پرتگال کے سرمایہ کار بھی کراچی کی استعداد سے بھرپور فائدہ اٹھا سکتے ہیں، صوبہ میں انرجی با الخصوص ونڈ انرجی، زراعت، ٹیکنالوجی، انفرا اسٹرکچر و ڈویلپمنٹ، ٹیکسٹائل سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری سے فوری منافع یقینی ہے۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ پاک پرتگال تجارتی حجم میں اضافہ دو طرفہ مفاد میں ہے ، صوبہ میں دوطرفہ سرمایہ کاری و تجارت کے وسیع مواقع دستیاب ہیںپرتگال کے سرمایہ کار، تاجر اور صنعت کار پرکشش اور ساز گار ماحول سے زبردست فائدہ حاصل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پرتگال سیاحت کے حوالہ سے منفرد حیثیت رکھتا ہے، پاکستان میں بھی سیاحت کے فروغ کے لئے پرتگال کے تجربہ سے استفادہ حاصل کیا جا ئے گا۔

اس موقع پرDr.Joao Paulo Marques Sabido Costa نے گورنر سندھ کو بتایا کہ پاکستان دنیا میں پرامن ملک کے طور پر ابھر کر سامنے آرہا ہے جہاں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع اور سازگار ماحول سرمایہ کاروں کے لئے پرکشش اہمیت رکھتے ہیں پرتگال کے سرمایہ کار بھی صوبہ میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یورپی یونین کی جانب سے پاکستان کو جی پی ایس پلس درجہ ملنے کے بعد پاکستانی ٹیکسٹائل، کپڑے اور چمڑہ کی مصنوعات کے لئے یورپی منڈیوں تک رسائی آسان ہو جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ونڈ انرجی سے پرتگال اپنی کل ضروریات کا 62 فیصد حصہ حاصل کر رہاہے پاکستان میں بھی ہوا کثرت سے دستیاب ہے اس ضمن میں پرتگال ونڈ انرجی شعبہ میں پاکستان کو بھرپور معاونت کرنے کو تیار ہے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں