ْتمام ورک چارج ملازمین کو مستقل کرنے کے لئے کمیٹی قائم کردی گئی ہے، ڈی جی ترقیات کراچی

کمیٹی 15 دن کے اندر رپورٹ پیش کرے گی ، کمیٹی کی مجوزہ تجویز سے گورننگ باڈی کے چیئرمین وزیر بلدیات سندھ جام خان شورو کو آگاہ کیا جائے گا ، ذاتی طورپر اپنا کردار ادا کروں گا،سید ناصر عباس

اتوار 26 مارچ 2017 18:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 مارچ2017ء) ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی سید ناصر عباس نے کہا ہے تمام ورک چارج ملازمین کو مستقل کرنے کے لئے کمیٹی قائم کردی گئی ہے، کمیٹی 15 دن کے اندر رپورٹ پیش کرے گی ، کمیٹی کی مجوزہ تجویز سے گورننگ باڈی کے چیئرمین وزیر بلدیات سندھ جام خان شورو کو آگاہ کیا جائے گا اس سلسلے میں، میں ذاتی طورپر اپنا کردار ادا کروں گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کے ڈی اے آفیسرز کلب میں چلڈرن پلے لینڈ کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈی جی کے ڈی اے نے کہا کہ کے ڈی اے آفیسرز کلب میں چلڈرن پلے لینڈ کی تعمیر ترجیحی بنیادوں پر مکمل کی جائے گی، چلڈرن پلے لینڈ کی تعمیر سے بچوں کو ذہنی نشوونما فراہم کرنے میں مدد ملے گی جبکہ میری اولین ترجیح کے ڈی اے افسران وملازمین کے مسائل کو جلد سے جلد حل کرنا اور وسائل فراہم کرنا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈی جی کے ڈی اے نے کے ڈی اے آفیسرز کلب کی تزئین و آرائش اور افسران کو بہتر سہولیات میسر کرنے کے لئے 20 لاکھ روپے کی گرانٹ سے 10 لاکھ روپے بطور چیک کے ڈی اے آفیسرز کلب کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر شاہد محبوب کو پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کی سرگرمیوں کو بحال کرنے کے لئے کرکٹ ، ہاکی اور فٹبال گرائونڈ تعمیر کرنے کے لئے منصوبہ بندی کی جارہی ہے اور جلد ہی ان منصوبوں کے لئے PC-1 تیار کرکے رپورٹ پیش کی جائے گی۔

ڈی جی کے ڈی اے نے کہا کہ کے ڈی اے کا ادارہ کراچی کے شہریوں کے لئے بڑی اہمیت کا حامل ہے گزشتہ 15 سال کے دوران جو کچھ کے ڈی اے کے ساتھ کیا گیا اس کا خمیازہ شہریوں نے بھی بھگتا لیکن اب کے ڈی اے کا ادارہ سندھ حکومت کے تعاون سے بحال ہوچکا ہے اور جلد ہی کے ڈی اے اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائے گا۔ اس موقع پر کے ڈی اے آفیسرز کلب کے صدر عبدالمتین وحید اور جنرل سیکریٹری ڈاکٹر شاہد محبوب نے ڈی جی کے ڈی اے کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ڈی جی کے ڈی اے کی سربراہی میں ادارہ جلد مستحکم ہوکر اپنے پیروں پر کھڑا ہوجائے گا۔ تقریب میں کے ڈی اے آفیسرز کلب کے ممبران اور اراکین کمیٹی نے شرکت کی۔#

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں