اُردو پوائنٹ پاکستان کراچیکراچی کی خبریںکراچی،موریہ خان گوٹھ میں گٹر لائنیں بوسیدہ وناکارہ ہونے، سیوریج کاگندہ ..

کراچی،موریہ خان گوٹھ میں گٹر لائنیں بوسیدہ وناکارہ ہونے، سیوریج کاگندہ پانی سڑکوں اور گلیوں میں جمع ہونے کے خلاف علاقہ مکینوں کا احتجاجی مظاہرہ

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 جنوری2018ء) کراچی ایئرپورٹ کے قریبی علاقے موریہ خان گوٹھ میں گٹر لائنیں بوسیدہ وناکارہ ہونے، سیوریج کاگندہ پانی سڑکوں اور گلیوں میں جمع ہونے اور کچرہ نہ اٹھانے کے خلاف علاقہ مکینوں نے گزشتہ روز احتجاجی مظاہرہ کیا۔ احتجاجی مظاہرے میں مظاہرین نے چیئرمین ڈی ایم سی اور یونین کونسل کے چیئرمین کے خلاف نعرے بازی کی۔

علاقہ مکینوں کے مطابق بوسیدہ وناکارہ گٹر لائنوں سے سیوریج کے گندے پانی اور روڈ پر بکھرے ہوئے کچرے کے باعث مچھروں کی بہتات ہونے سے اہل علاقہ میں بچے، بڑے، بوڑھے بیمار ہونے لگے ہیں۔ سیوریج اور کچرے کے معاملے پر منتخب نمائندگان عوامی مسائل سے نظریں چراکر سیاست چمکارہے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ اور وزیر بلدیات سندھ اس صورتحال کا نوٹس لے کر ذمہ داران کے خلاف کارروائی کریں۔

(خبر جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق کراچی ایئرپورٹ کے قریبی علاقے موریہ خان گوٹھ میں صفائی ستھرائی کی ابتر صورتحال، سیوریج کے گندے پانی اور کچرہ نہ اٹھانے کے باعث علاقے میں بدبو، تعفن اور بیماریاں پھیلنے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرے کی قیادت ملک ایوب، منیر احمد، عمر حیات اور علی زمان نے کی جبکہ مظاہرے میں علاقے کے لوگوں کی ایک بڑی تعداد تھی جن میں خواتین بھی شامل تھیں۔

مظاہرین نے بتایا کہ علاقے میں سیوریج کے گندے پانی کے باعث علاقے میں صفائی ستھرائی کی صورتحال انتہائی ابتر ہوچکی ہے۔ گٹر لائنیں کچرے اور گندگی سے بھرچکے ہیں جس کے باعث سیوریج کا گندہ پانی سڑکوں، گلیوں سے ہوتا ہوا واپس لوگوں کے گھروں میں داخل ہورہا ہے۔ علاقہ مکینوں کے مطابق یہ علاقہ ڈی ایم سی ملیر کی زیر نگرانی ہے۔ ضلعی چیئرمین ڈی ایم سی ملیر کے چیئرمین جان محمد بلوچ ،موریہ خان گوٹھ یونین کونسل نمبر 14 کے چیئرمین اللہ ڈنو (اے ڈی) سومرو اور مقامی کونسلر افتخار حسین نگیال کے پاس متعدد بار علاقہ مکینوں نے سیوریج کے گندے پانی، نالوں کی صفائی اور کچرے اٹھانے کی درخواستیں جمع کروائیں تو اس پر بلدیاتی نمائندے صرف دورے کرکے چلے گئے۔

علاقہ مکینوں نے وزیر بلدیات سندھ جام خان شورو، ڈی ایم سی ملیر کے چیئرمین جان محمد بلوچ ودیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ علاقے میں فوری طور پر بوسیدہ وناکارہ گٹر لائنوں کی جگہ نئی گٹر لائنیں ڈالی جائیں ۔علاقے میں صفائی ستھرائی کے ہنگامی بنیادوں پر انتظامات کئے جائیں۔ کچرا اٹھانے اور سیوریج لائنیں صاف کرکے علاقے میں مچھر مار اسپرے بھی کیا جائے۔ علاقہ مکینوں کے مطابق مطالبات منظور نہ ہوئے تو احتجاجی مظاہرے کا دائرہ کراچی ایئرپورٹ سے وی وی آئی پی موومنٹ کی واحد سڑک شارع فیصل تک بڑھادیا جائے گا اور شارع فیصل کو بلاک کرکے دھرنا دیا جائیگا۔

اپنی رائے کا اظہار کریں -

کراچی شہر کی مزید خبریں