ٹاسک فورسز اور بزنس مشاورتی کونسل میں متعلقہ سٹیک ہولڈرز کی شمولیت کویقینی بنایا جائے،شیخ ہمایوں سعید

الیکشن میں کروڑوں روپے خرچ کرکے ایوانوں میں پہنچنے والوںسے قوم کی خدمت کی توقع مشکل مگر عمران خان کاساتھ دیں گے جو وقت عمران خان نے مانگا ہے ہمیں اس وقت کی تکمیل تک ان کے وعدوں پر بھروسہ کرنا ہوگا،چیئرمین ہمارا پاکستان سوشل فورم

منگل 21 اگست 2018 15:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2018ء) چیئرمین ہمارا پاکستان سوشل فورم اور سابق نائب صدر ایف پی سی سی آئی شیخ ہمایوں سعید نے وزیر اعظم عمران خان کے قوم سے پہلے خطاب پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران نے جن اقدامات کا اعلان کیا ہے وہ انکے لئے پہاڑ جیسا ثابت ہونگے کیونکہ ان کی پارٹی میں شامل ہوکر کامیاب ہونے والے اور وزیربننے افراد کو بھی عمران خان جیسا بننا ہوگا لیکن جو لوگ الیکشن میں کروڑوں روپے خرچ کرکے اور کامیاب ہوکر ایوانوں میں پہنچے ہیں ان سے قوم کی خدمت کی توقع کرنا انتہائی مشکل ہے،لیکن عمران خان کے وژن کابزنس کمیونٹی بھرپور ساتھ دے گی۔

انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ نئی حکومت کیلئے آئندہ 100روز میں حکومت کی سمت واضح ہوگی وزیر اعظم کی ملک و قوم کو کرائی جانے والی یقین دہانیاں پوری ہونے سے کراچی سمیت ملک بھر کو فائدہ ہوگا،نئی حکومت جو اقدامات کرنے جارہی ہے اس میں کچھ وقت لگے گا اور جو وقت عمران خان نے مانگا ہے ہمیں اس وقت کی تکمیل تک ان کے وعدوں پر بھروسہ کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

شیخ ہمایوں سعید نے کہا کہ بزنس کمیونٹی ملک سے کرپشن کے خاتمے، سرمایہ کاری کے فروغ، برآمدات بڑھانے، زراعت کی بہتری ،سرکاری اخراجات میں کمی، ٹیکسوں کے نظام کی بہتری، لوٹی گئی دولت کی واپسی، پانی کی قلت اور سماجی شعبے کی بہتری کے لییکے لیے عمران خان حکومت کا بھرپور ساتھ دے گی۔ انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی لوٹی گئی دولت واپس لانے اور اخراجات میں کمی کے لیے ٹاسک فورس کی تشکیل کا بھرپور خیرمقدم کرتی ہے اور ٹاسک فورسز کی مکمل معاونت کرے گی لیکن اگر عمران خان کو ٹاسک فورس اور دیگر کمیٹیوں کی کامیابی درکار ہے تو ان میں نجی شعبے کی شمولیت کو بھی یقینی بنانا ہوگا، ملک کو درپیش چیلنجز اتنے آسان نہیں کے یہ پانچ سال میں بالکل ختم ہ جائیں گے لیکن وزیر اعظم عمران کے اقدامات اور ملک کی سمت کا تعین ہونے سے واضح اشارہ مل جائے گا،ٹاسک فورسز اور بزنس مشاورتی کونسل بنانے کے اعلان خوش آئند ہے تاہم اس کیلئے متعلقہ سٹیک ہولڈرز کی شمولیت او رمشاورت کو یقینی بنایا جائے ، ٹیکسز کے نظام میں اصلاحات نا گزیر ہیں اور اس کیلئے فوری عملی اقدامات شروع کئے جائیں ،ود ہولڈنگ ٹیکس فائدے کی بجائے نقصان کا باعث ہے اس لئے حکومت اسے فی الفور ختم کرنے کا اعلان کرے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں