طارق روڈ کے علاقے میں قتل ہونے والے شخص کا قاتل کینٹ ریلوے اسٹیشن سے گرفتار

ہفتہ 20 اپریل 2019 17:02

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2019ء) 13 اپریل2019 کو طارق روڈ کے علاقے دوپٹہ گلی میں ایک فلیٹ کے کمرے سے لاش برآمد ہوئی جس کی شناخت شبیر عرف شبانہ عرف عینی خان کے نام سے ہوئی۔ہفتہ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق مقتول کا تعلق ضلع رحیم یار خان سے تھا جسے بہیمانہ طریقے سے ٹوکے کے وار کر کے قتل کیا گیا تھا اور جائے وقوعہ سے آلہ قتل بھی برآمد ہوا تھا۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پاکستان رینجرز (سندھ) نے تحقیقات کے لئے خصوصی ٹیم تشکیل دی جس نے قتل کے محرکات کا جائزہ لیتے ہوئے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر قتل کے مرکزی ملزم عاقل بشیر کا سراغ لگایا اوراسے کینٹ ریلوے اسٹیشن کراچی کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے گرفتارکیا۔ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم عاقل بشیر نے مقتول شبیر عرف شبانہ عرف عینی خان کو قتل کرنے کا اعترافِ جرم کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ ملزم نے مقتول کو ذاتی اختلافات اور رنجش کی وجہ سے لڑائی جھگڑے کے دوران غصے میں آ کر قتل کر دیا تھا۔

(جاری ہے)

ملزم کو قانونی چارہ جوئی کیلئے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ عوام سے اپیل ہے کہ ایسے عناصر کے بارے میں اطلاع فوری طور پر قریبی چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر03162369996 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔آپ کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں