رینجرز نے قتل میں ملوث ملزم خرم ممتاز، اقبال عرف جرمن اور اس کے بیٹے نوید اقبال کو گرفتارکرلیا

منگل 23 اپریل 2019 17:02

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2019ء) پاکستان رینجرز سندھ نے کھارا در میں ہونے والے قتل کے واقعہ میں ملوث مرکزی ملزم خرم ممتاز، اقبال عرف جرمن اور اس کے بیٹے نوید اقبال کو گرفتارکرلیا۔ منگل کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق 9 اپریل 2019 ء کو کھارادر کے علاقے جوڑیا بازار( اولڈ سٹی مارکیٹ) میں سلیم کارپوریشن کے مالک سلیم احمد کو نامعلوم موٹرسائیکل سوار نے گولیاں مار کرقتل کیا تھا۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پاکستان رینجرز (سندھ)نے تحقیقات کے لئے خصوصی ٹیم تشکیل دی جس نے قتل کے محرکات کا جائزہ لیتے ہو ئے تکنیکی ثبوت(Technical Evidence) اور معلومات کی بنیاد پر قتل کے مرکزی ملزم خرم ممتاز، اقبال عرف جرمن اور اس کے بیٹے نوید اقبال کو گرفتارکیا۔ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم خرم ممتاز ولد محمد احمد ممتاز رہائشی ڈیفنس فیز 7 نے انکشاف کیا کہ وہ سلیم احمد کا داماد ہے۔

(جاری ہے)

ذاتی اختلافات اور جائیداد میں وراثت کے معاملے میں رنجش کی وجہ سے ملزم خرم ممتاز نے سلیم احمد کو قتل کرنے کے لئے ملزم اقبال عرف جرمن ولد محمد رہائشی پریڈی اسٹریٹ صدر کراچی کو 10 لاکھ روپے دیئے تھے۔ ملزم اقبال عرف جرمن نے سلیم احمد کو قتل کرنے کی ذمہ داری اپنے بیٹے ملزم نوید اقبال عرف نونی ولد اقبال رہائشی گلشنِ اقبال کراچی کو دی جس کا تعلق لیاری گینگ وار سے ہے ۔

ملزم نوید اقبال عرف نونی نی9 اپریل 2019 ء کو سلیم احمد کو جوڑیا بازار کھارا در میں قتل کیا۔ ملزمان کو قانونی کارروائی کیلئے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ ملزمان کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والا 9 ایم ایم پسٹل، ملزم کا لباس، 50 ہزار روپے نقدی اور وقوعہ میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل بمعہ ہیلمٹ بھی برآمد کی گئی ہے۔ ٹارگٹ کلر نوید کے انکشافات کے بعد لیاری گینگ وار کے دیگرملزمان اور اسلحے کے بارے میں تحقیقات جاری ہیں۔ عوام سے اپیل ہے کہ ایسے عناصر کے بارے میں اطلاع فوری طور پر قریبی چیک پوسٹ،رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر03162369996 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں