لانڈھی پولیس نے فراز قتل کیس میں ملوث مفرور ملزم دانش احمد عرف وصی کو گرفتار کرلیا

ملزم نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر چوڑی فروش فراز کو بھتہ نہ دینے پر قتل کر دیا تھا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 20 جون 2019 17:10

لانڈھی پولیس نے فراز قتل کیس میں ملوث مفرور ملزم دانش احمد عرف وصی کو گرفتار کرلیا
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین- 20جُون 2019ء، نمائندہ خصوصی، آصف خان) لانڈھی پولیس نے فراز قتل کیس کا مفرور ملزم کو گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق لانڈھی تھانے کی حدود ٹو سی میں 10 اکتوبر 2018 کی رات تقریباً سوا بارہ بجے فراز نامی شخص کو بدنام زمانہ ارشاد کالا اوراس کے بیٹے فہیم، کامران اور دانش احمد عرف وصی نے دس ہزار روپے بھتہ نہ دینے پر فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔

مقتول فراز کے والد شمیم کے مطابق ہمارا چوڑی کا چھوٹا سا کاروبار ہے جس سے ہمارا گزر بسر ہوتا تھا۔ یہ پچھلے سال 10 اکتوبر 2018 کی بات ہے کہ کچھ دنوں سے ارشاد کالا اور اس کا بیٹا فہیم جوکہ لانڈھی میں خوف کی علامت سمجھا جاتے تھے۔ میری دُکان میں آکر ہم سے دس ہزار روپے بھتہ مانگ رہے تھے جس پر میرے بیٹے مرحوم فراز نے انکار کیا جس پر ان کا آپس میں جھگڑا ہوگیا تھا۔

(جاری ہے)

رات کے وقت تقریباً 12 بجے کے بعد کچھ لڑکے آئے اور انہوں نے کہا کہ فہیم فراز کو بلارہا ہے جس پر فراز باہر گیا اور تھوڑی دیر بعد گولیوں کی آواز آئی جس پر میں نے باہر نکل کر دیکھا تو میرا بیٹا زمین پر زخمی حالت میں تڑپ رہا تھا جسے فہیم ارشاد، کالا کامران اور وصی نے فائرنگ کرکے شدید زخمی کردیا تھا۔ ایمبولینس کے ذریعے اسپتال پہنچانے کے دوران میرا بیٹا دنیا سے چلا گیا تھا ۔

اس کے بعد اس وقت کے لانڈھی تھانے کے ایس ایچ او سب انسپکٹر رحیم خان نے رات کے وقت چھاپہ مار کر ارشاد کالا اور کامران نامی شخص جو میرے بیٹے کے قتل میں ملوث تھے، گرفتار کرلیا تھا۔ اس کے بعد فہیم اور وصی مفرور ہوگئے تھے۔ اس کے کچھ مہینے بعد فہیم بھی لانڈھی پولیس کی گرفت میں آگیا تھا۔ اب آج 19 جون 2019 کو ایس ایچ او لانڈھی سعادت احمد بٹ نے میرے بیٹے فراز کے چوتھے قاتل دانش احمد عرف وصی کو بھی گرفتار کرلیا۔

ایس ایچ او لانڈھی احمد بٹ کے مطابق ایس ایس پی کورنگی سید محمد علی رضا نے تمام مفرور ملزمان کی گرفتاری کےلئے ہر ممکن اقدامات اٹھانے اور مفرور ملزمان کو جیل بھیجنے کی تیاری مکمل کرنے کے احکامات جاری کردیئے تھے ۔لانڈھی پولیس نے دانش عرف وصی کو گرفتار کرنے کےلئے مخبروں کا جال بچھایا ہوا تھا اطلاع ملتے ہی فوراً گرفتار کرکے لاک اپ کردیا گیا ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں