کراچی میں 20 سالہ خاتون کی تشدد زدہ لاش برآمد، کرمنل گروپ کا کارندہ گرفتار

بدھ 16 اکتوبر 2019 14:37

کراچی میں 20 سالہ خاتون کی تشدد زدہ لاش برآمد، کرمنل گروپ کا کارندہ گرفتار
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2019ء) کراچی کے علاقے تھانہ بریگیڈ کے قریب واقع گھر سے 20 سالہ ارم بی بی کی تشدد زدہ لاش برآمد ہوئی، ابتدائِی تفتیش کے مطابق لڑکی کو گلا دبا کر قتل کیا گیا ہے۔ ادھرسی ٹی ڈی کی حب ریور روڈ پر ٹارگٹڈ کارروائی میں بین الصوبائی کرمنل گروپ کا کارندہ زرخان لغاری عرف گل حسن بگٹی کو گرفتارکر لیاہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے تھانہ بریگیڈ کے قریب سینیا لائن میںگھر کے اندر سے خاتون کی تشدد زدہ لاش برآمد ہوئی جس کی شناخت 20 سالہ ارم بی بی کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق ابتدائِی تفتیش میں لڑکی کو گلا دبا کر قتل کیا گیا ہے۔ مقتولہ کا پوسٹ مارٹم مکمل کرلیا گیا۔ پولیس کے مطابق مقتولہ کے گلے پر ناخنوں کے نشانات تھے، مقتولہ کی ایک سال قبل شادی ہوئی تھی۔

(جاری ہے)

اس کا شوہر شہباز گارمنٹس کے کارخانے میں کام کرتا ہے۔ مقتولہ کے شوہر اور قریبی رشتے داروں کے بیانات قلمبند کئے گئے ہیں جبکہ واقعے کی مزید تفصیلات اکٹھی کی جارہی ہیں۔ادھرسی ٹی ڈی نے حب ریور روڈ پر ٹارگٹڈ کارروائی کرتے ہوئے بین الصوبائی کرمنل گروپ کا کارندہ زر خان لغاری عرف گل حسن بگٹی کو اسلحے سمیت گرفتار کر لیا۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم حب پولیس کے اے ایس آئی امداد اور منگھوپیر کے ہیڈ کانسٹیبل حنیف کے قتل میں مطلوب ہے۔

ملزم سے دوران گرفتاری دو الگ الگ قومی شناختی کارڈ بر آمد ہوئے۔سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ملزم بلوچستان پولیس اور سندھ پولیس کو قتل، اقدام قتل، پولیس مقابلہ اور ڈکیتی جیسے مقدمات میں مطلوب تھا۔ ملزم کی گرفتاری کے حوالے سے متعلقہ تھانہ جات کو اطلاع دی جا چکی ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں