عباسی شہید ہسپتال میں کوویڈ۔ 19 انفیکشن ڈیزیز اینڈ ریسرچ سینٹر کو فوری طور پر فعال کردیا گیا

منگل 24 نومبر 2020 16:53

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 نومبر2020ء) ایڈمنسٹریٹر و کمشنر کراچی افتخار شالوانی نے کہا ہے کہ عباسی شہید اسپتال میں کوویڈ۔ 19 انفیکشن ڈیزیز اینڈ ریسرچ سینٹر کو فوری طور پر فعال کردیا گیا ہے، اس سینٹر میں 120 بستر، آئیسولیشن وارڈ ، ہائی ڈیپینڈینسی یونٹ کی سہولیات دستیاب ہیں، کوویڈ۔19 اسپیشل وارڈ میں پروفیسرز، ڈاکٹرز اور ماہرین پر مشتمل ٹیم مریضوں کا علاج کرے گی،ان خیالات کا اظہار انہوں نے عباسی شہید اسپتال میں قائم ہونے والے کوویڈ۔

19 انفیکشن ڈیزیز اینڈ ریسرچ سینٹرکے حوالے سے منعقدہ تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر سینئر ڈائریکٹر کوآرڈینیشن مسعود عالم ،سینئر ڈائریکٹر ہیلتھ اینڈ میڈیکل سروسز ڈاکٹر سلمیٰ کوثر، ایگزیکٹو ڈائریکٹر کراچی انسٹیٹیوٹ آف ہارٹ ڈیزیز ڈاکٹر اسد اللہ حسینی، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ عباسی شہید اسپتال ڈاکٹر ندیم راجپوت اور دیگر افسران بھی موجود تھے، ایڈمنسٹریٹر و کمشنر کراچی نے کہا کہ عباسی شہید اسپتال کراچی کا تیسرا بڑا اسپتال ہے جو بہت بڑے علاقے کو علاج کی سہولیات فراہم کرتا ہے، خاص طور پر غریب و متوسط طبقے کے لئے یہاں علاج معالجے کی مناسب سہولیات دستیاب ہیں،عباسی شہید اسپتال میں کورونا وائرس مریضوں کو تمام سہولیات کے ساتھ 25وینٹی لیٹرز کی سہولت بھی حاصل ہے جبکہ کورونا وائرس ٹیسٹنگ بلاامتیاز و تفریق تمام شہریوں کے لئے مفت ہے،انہوں نے کہا کہ اسپتال کے ڈاکٹرزاور دیگر عملہ ہر قسم کی صورتحال کے لئے خود کو تیار رکھیں کیونکہ کورونا سے متاثرہ مریضوں کے علاج کے ساتھ انہیں اپنی حفاظت کا انتظام بھی کرنا ہے لہٰذا حفاظتی تدابیر اور تمام تر اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجر (ایس او پیز) پر عملدرآمد کرتے ہوئے ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کو ایک جذبے کے ساتھ یہ کام کرنا ہے، کورونا سے لڑنے والے ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل عملہ ہمارے ہیروز ہیں اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر لوگوں کی جانوں کو بچانا عبادت سے کم نہیں، انہوں نے کہا کہ کورونا کی بڑھتی صورتحال کے پیش نظر شہر کے مزید کئی علاقوں کو بند کرنا پڑے گا اور اگر ضرورت پڑی تو خریداری کے مراکز اور عوامی مقامات بھی بند کرنے ہوں گے تاکہ اس وائرس کے پھیلائو پر قابو پایا جاسکے، ہمارے لئے عوام کی صحت سب سے بڑھ کر ہے، کورونا وائرس سے بچائو کیلئے ایس او پیز پر مکمل طور پر عمل کریں گے تو ہم اس سے محفوظ رہیں گے،اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر و کمشنر کراچی افتخار شالوانی نے کوویڈ ۔

(جاری ہے)

19 انفیکشن ڈیزیز اینڈ ریسرچ سینٹرکا دورہ بھی کیا اور وہاں آئیسولیشن وارڈ سمیت مختلف سہولیات کا جائزہ لیا، انہوں نے ہدایت کی کہ اس سینٹر میں فراہم کی گئی مشینری اور طبی آلات کی مکمل مینٹی نینس کی جائے اور پوری کوشش ہونی چاہئے کہ مریضوں کو علاج معالجے کی راہ میں کوئی رکاوٹ حائل نہ ہو، انہوں نے کہا کہ کورونا کی دوسری لہر سے نمٹنے کے لئے ہمیں مکمل تیاری کے ساتھ تمام ضروری اقدامات کرنے ہیں، اس سینٹر کی تمام ضروریات کو پورا کیا جائے گااور مریضوں کو بہترین علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی، انہوں نے اسپتال کے ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل عملے سے کہا کہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے نبھائیں اور دکھی انسانیت کی خدمت کے جذبے کے تحت کام کریں کیونکہ مریض یہاں بہت امیدیں لے کر آتے ہیں، اسپتال کے عملے کو ان کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آنا چاہئے، انہوں نے کہا کہ عباسی شہید اسپتال کے تمام وارڈز کو اپ ڈیٹ کیا جائے گا اور ایک ہزار بستروں پر مشتمل اس اسپتال کو شہر کا بہترین اسپتال بنائیں گے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں