کراچی میں مختلف واقعات میں فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق

موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں ملوث ایک شخص گرفتار ہوگیا جبکہ عباس ٹائون میں منشیات کے عادی افراد کو اہل علاقہ نے تشدد کرکے بھگا دیا

ہفتہ 23 جنوری 2021 12:59

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جنوری2021ء) کراچی میں مختلف واقعات میں فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے، موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں ملوث ایک شخص گرفتار ہوگیا جبکہ عباس ٹائون میں منشیات کے عادی افراد کو اہل علاقہ نے تشدد کرکے بھگا دیا۔پولیس کے مطابق نارتھ کراچی میں مدیحہ اسٹاپ کے قریب نامعلوم موٹرسائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے ایک شخص شدید زخمی ہوگیا جو کہ اسپتال پہنچنے سے قبل ہی دم توڑ گیا۔

مقتول کی شناخت فاروقی کے نام سے ہوئی ہے جو کہ قریب ہی رہائش پذیر تھا، مقتول کو نامعلوم ملزمان نے پیچھے سے سر پر گولی ماری جس سے وہ جاں بحق ہوا، پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔بلدیہ 24 مارکیٹ کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا، مقتول کی شناخت اسداللہ کے نام سے ہوئی ہے، مقتول کو نامعلوم ملزمان نے گھر سے بلا کر فائرنگ کرکے قتل کیا۔

(جاری ہے)

مقتول کو 3 گولیاں لگی ہیں، مقتول کوئٹہ سے کراچی آیا تھا، پولیس واقعے کی مزید تفصیلات حاصل کر رہی ہے۔عباس ٹائون باڑہ مارکیٹ منشیات کے عادی افراد کا گڑھ بن گئی ،منشیات کے عادی افراد کو باآسانی منشیات دستیاب ہوجاتی ہے اور یہاں ہر وقت درجنوں افراد نشہ کرنے میں مصروف ہوتے ہیں۔منشیات کے عادی افراد کے ساتھ 4سالہ بچی دیکھ کر علاقہ مکین مشتعل ہوگئے، علاقہ مکینوں نے منشیات کے عادی افراد کو تشدد کا نشانہ بنا کر بھگا دیا، علاقہ مکینوں کے مطابق بچی کو اس کا منشیات کا عادی چچا ساتھ لایا تھا، پولیس کی عدم توجہ کے باعث علاقے میں منشیات کے عادی افراد بڑھتے جارہے ہیں۔

سعید آباد کے علاقے سے اپنے 8 سالہ بیٹے کو استعمال کرکے موٹرسائیکلیں چوری اور چھیننے والے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ، ملزم نعیم اللہ کے قبضے سے 38 موٹرسائیکلوں کے چیسز اور اسپیئر پارٹس ملے ہیںجبکہ چوری کی 2 موٹرسائیکلیں بھی ملی ہیں۔ملزم نے سینکڑوں موٹرسائیکل چوری کی وارداتوں کا اعتراف کیا ہے ملزم اس سے قبل بھی گرفتار ہوچکا ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں