شہر قائد میں کچرا مافیا سرگرم ، صفائی کے عملے پر دھاوا بول دیا،واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرعام پر آگئی

ہفتہ 23 جنوری 2021 16:29

ْکراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جنوری2021ء) شہر قائد کئی دہائیوں سے مختلف مافیاز کے چنگل میں رہا، اب نئی مافیا نے بھی کراچی میں پنجے گاڑھنے شروع کردئیے ہیں۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں کچرا اٹھانے پر بھی جھگڑے ہونے لگے، کچرا مافیاز نے اپنے اپنے علاقے بنارکھے ہیں، جس کے باعث کوئی دوسرا عملہ اس علاقے سے کچرا نہیں اٹھاسکتا۔

(جاری ہے)

اسی طرح کا واقعہ گذشتہ روز کراچی کے علاقے اختر کالونی یوسی ون میں پیش آیا، جہاں کچرا اٹھانے والے گروہ نے لوکل کنٹریکٹر کے عملے پر صفائی کے دوران دھاوا بول دیا اور انہیں شدید تشدد کا نشانہ بنایاواقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرعام پر آگئی ۔واقعے سے متعلق پولیس حکام نے بتایاکہ کمپنی کا عملہ علاقے میں کچرا اٹھانے پہنچا تھا، جہاں پہلے سے موجود چند افراد نے انھیں کچرا اٹھانے سے منع کیا، جس پر جھگڑا ہوگیا۔پولیس کے مطابق لوکل کنٹریکٹر سے قبل علاقے کا کچرا افغان شہری اٹھاتے تھے، چند روز سے ان کے درمیان جھگڑا چل رہا تھا، واقعے کی مزید تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں