سیاسی جماعتیں شہر قائد سے مخلص نہیں ہیں، کراچی کو جان بوجھ کرتباہ کردیاگیا،ملک شکیل قاسمی

جمعرات 28 جنوری 2021 17:02

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جنوری2021ء) مقتدرسیاسی جماعتیں شہر قائد سے مخلص نہیں ہیں، کراچی کو جان بوجھ کرتباہ کردیاگیا، 70سال بعد بھی پاکستان کے سب سے بڑے شہر کے باسی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، گیس ہے نہ بجلی ہے، پانی کا بحرن ہے،صفائی ستھرائی کا فقدان ہے، لینڈمافیااورچوروں ڈکیتوں کا راج ہے،کرپشن عام ہے، مجرم دندناتے پھرتے ہیں اوربے گناہ پولیس گردی کے شکارہیں، عام افراد کا توجیناہی دوبھرہوگیاہے، مردم شماری کا یہ عالم ہے کہ کراچی میں رہنے والے کا اندراج دوسرے شہروں میں کردیاگیاہے،حیرت اور افسوس کی بات ہے کہ لوگوں کو پینے کا پانی بھی میسرنہیں جبکہ سڑکوں اور نالوں میں بہایاجارہاہے،سیوریج لائنیں اور گٹرابل رہے ہیں۔

یہ باتیں شہری حقوق کمیٹی کے بانی غلام عباس قادری کی بائیسویں برسی پر نورانی ہال جامع مسجد قبانشترروڈ پر منعقدہ سیمینار کراچی کا مقدمہ سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہیں۔

(جاری ہے)

سیمینار کی صدارت ملک محمدشکیل قاسمی نے کی جبکہ چیئرمین عبدالوحیدیونس، میزبان صاحبزادہ جمیل عباس نورانی، سینئر رہنماحاجی عبدالرحیم نورانی،شیرمحمدنورانی، علامہ محمدحفیظ اللہ ہادیہ، علامہ فدااحمدنعیمی، قاری قاضی محمدادریس قادری،سیاسی رہنمانوید گھانچی، تاجر رہنمامحمدشاہد سوجیلا، صوفی محمدنعیم سروری،محمداکرم نقشبندی، خلیل احمد قادری، عتیق احمدقادری ودیگر نے بھی خطاب کیا۔

مقررین نے کہاکہ شہری حقوق کمیٹی کراچی کے عوام کا مقدمہ لڑتی رہے گی، حقوق کا نام لے کر ہمیشہ کراچی کو برباد کیاگیا،قوم کو بے وقوف بنانے کا سلسلہ بندکیاجائے،عوام کے حقوق کے لئے عوام کے راستے بندکرنا کون ساطریقہ ہے، جس کو دھرنے دینے ہیں یامظاہرے کرنے ہیں وہ گورنرہائوس یاوزیراعلیٰ ہائوس پر جاکر دیں،عوام کو تنگ نہ کریں۔انہوں نے کہاکہ حکمران کراچی کو اس کا حق دے دیں عوام کے مسائل خودبخود حل ہوجائیں گے۔

کراچی کے نوجوانوں کو نوکریاں اور روزگار فراہم کیاجائے،کراچی میں رہنے والے اپنے ووٹ کا اندراج بھی کراچی میں کرائیں۔ انہوں نے کہاکہ نوجوانوں کراچی کا مقدمہ لڑنے کے لئے میدان عمل میں آناہوگا،نوجوان شخصیت پرستی سے باہر نکل کر آنے والی نسلوں کے بہتر مستقبل کے لئے کرداراداکریں۔مقررین نے اپنے خطاب میں بانی شہری حقوق کمیٹی کی خدمات پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ غلام عباس قادری نے عوام کے لئے وقف کررکھی تھی،عوام کے مسائل کے حل کے لئے شب وروزکوشاں رہے، انہوں نے سیاست کے ساتھ ساتھ صحافت میں بھی نام کمایا،عام انتخابات میں حصہ لیااور ملک میں نظام مصطفی کے لئے کاوشیں سرانجام دیں۔

غلام عباس قادری کی خدمات ایک روشن باب کی طرح ہیں جنہیں ہمیشہ یادرکھاجائے گا۔اس موقع پر مہمانان گرامی کو اجرکیں پیش کی گئیں۔سیمینار میں غلام عباس قادری کے دوست احباب اور عزیزواقارب نے بھی شرکت کی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں