کراچی کے علاقے لیاری میں فائرنگ ، چینی شہری سمیت 2 افراد زخمی

موٹر سائیکل پر سوار دومسلح ملزمان کی فائرنگ سے گاڑی کے شیشے ٹوٹ گئے جبکہ چینی اور ایک راہگیر زخمی ہوا ہے،ایس ایس پی سٹی

منگل 9 مارچ 2021 12:43

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مارچ2021ء) کراچی کے علاقے لیاری میں فائرنگ کے ایک واقعے میں ایک چینی شہری سمیت 2 افراد زخمی ہوگئے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق فائرنگ کا واقعہ لیاری میں شاہ عبداللطیف بھٹائی روڈ پر کمیلا اسٹاپ کے قریب پیش آیا، زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔اسپتال ذرائع کے مطابق چینی شہری جیکسن کی حالت خطرے سے باہر ہے خدشہ ہے کے اسے گولی چھو کر گزری ہے یا گاڑی کا شیشہ لگنے سے چوٹ آئی۔

اسپتال ذرائع کے مطابق شہری خالد کو پیٹ میں گولی لگی جس کی جان بچانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ایس ایس پی لیاری سرفراز نواز شیخ کے مطابق فائرنگ کا واقعہ بغدادی تھانے کی حدود میں پیش آیا۔سرفراز نواز کے مطابق وہ ان دنوں چھٹی پر ہیں تاہم موصول اطلاعات کے مطابق انہوں نے بتایا کہ چینی باشندہ جیکسن گاڑی کا شیشہ ٹوٹ کر لگنے سے زخمی ہوا۔

(جاری ہے)

ایس ایس پی سٹی کے مطابق موٹر سائیکل پر سوار دو نامعلوم مسلح ملزمان نے ان پر فائرنگ کی، فائرنگ سے گاڑی کے شیشے ٹوٹ گئے جبکہ غیرملکی زخمی ہوا، گولی لگنے سے ایک راہگیر بھی زخمی ہوا ہے، جائے وقوع سے نائن ایم ایم کے خول ملے ہیں۔

ایس ایس پی سٹی سرفراز نواز نے بتایا کہ فائرنگ سے زخمی چینی شہری سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سے تعلق رکھتا ہے جو اپنے عملے کے ساتھ لیاری کے دورے پر نکلا تھا۔دوسری جانب ڈی آئی جی سائوتھ جاوید اکبر ریاض نے بتایاکہ لیاری میں چینی باشندے پر فائرنگ کا واقعہ ٹارگیٹڈ لگتا ہے۔ فائرنگ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی گاڑی پر کی گئی تھی، چینی باشندہ شیشہ لگنے سے معمولی زخمی ہوا ہے۔پولیس کے مطابق ڈکیتی کے دوران مزاحمت کرنے کے شواہد سامنے نہیں آئے ہیں۔ پولیس کے مطابق چینی باشندے صفائی کے سلسلے میں آتے جاتے رہتے ہیں، خوف و ہراس پھیلانے کی سازش معلوم ہوتی ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں