کراچی پولیس کی کارروائی میں کوئٹہ سے کراچی منشیات سپلائی کرنے والا ملزم گرفتار

ہفتہ 27 نومبر 2021 16:37

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 نومبر2021ء) پولیس نے کوئٹہ سے کراچی منشیات سپلائی کرنے والے گروہ کے ایک کارندے کو گرفتار کرلیا ہے۔جوہر آباد پولیس نے بین الصوبائی منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی ہے۔ کوئٹہ سے کراچی اسمگل کرنے والے گروہ کے ایک کارندے کو گرفتار کرلیا، جبکہ ملزم کا دوسرا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ہے۔

ملزم کے قبضے سے 70 کلو منشیات برآمد کرلی گئی۔ گرفتار ملزم رضوان علی کوئٹہ سے گاڑی میں منشیات لے کر کراچِی آتا تھا۔ ملزم کا ساتھی عمران ولد حیدر زمان کراچی میں مال وصول کرکے خفیہ مقام پر چھپاتا تھا۔گرفتار ملزم نے بتایا کہ عمران اس کا پھوپھی زاد بھائی ہے اور گلستان قلع عبداللہ سے کوئٹہ مال وہی پہنچاتا ہے، بعد ازاں کراچی میں دوبارہ موصول کرتا ہے۔

(جاری ہے)

ملزمان بعد میں منشیات کراچی کے مختلف علاقوں میں فروخت کرتے تھے۔پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے کارروائی شروع کردی، ملزمان سے تفتیش کے بعد مزید گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔خیال رہے کہ کراچی نشہ عام ہوگئی ہے، کراچی میں منشیات فروش اپنا تسلط قائم کررہے ہیں۔ ہماری نوجوان نسل چرس، افیون، ہیروئن، آئس سمیت منشیات کی 21 سے زائد اقسام میں مبتلا ہوچکی ہے۔

جو خوفناک سماجی بحران کو جنم دے رہا ہے، اس صورتحال سے حکومت کو بری الزمہ قرار نہیں دیا جا سکتا۔ اداروں کی ذمہ داری ہے کہ منشیات کی ترسیل اور فروخت روکی جائیں۔کراچی میں سرکاری اہلکار بعض ایسی لیبارٹریز پر چھاپے مار چکے ہیں جہاں کرسٹل تیار کی جاتی تھی۔ یعنی یہ نشہ اگرچہ اسمگل ہو کر بھی یہاں آتا ہے لیکن اس شہر میں اس کی لیبارٹریاں بھی قائم ہیں۔یاد رہے کہ گزشتہ دنوں کراچی کے مختلف تھانوں کے ایس ایچ او سے متعلق یہ خبر سامنے آئی تھی کہ وہ اپنے تھانے کی حدود میں منشیات فروشی کی سرپرستی کرتے ہیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں