شہر قائد کو لسّانی بنیادوں پر تقسیم کرنے کی کوششوں کو محنت کش عوام اپنے اتحاد کی قوت کے ذریعہ ناکام بنادیںگے،حبیب الدین جنیدی

جمعرات 2 دسمبر 2021 17:18

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 دسمبر2021ء) گروہی اور سیاسی مفادات کے حصُول کی خاطر شہر قائد کو لسّانی بنیادوں پر تقسیم کرنے کی کوششوں کو محنت کش عوام اپنے اتحاد کی قوت کے ذریعہ ناکام بنادیںگے ۔ان خیالات کا اظہار پیپلز لیبر بیورو سندھ کے صدر سینئر مزدور رہنما حبیب الدین جنیدی نے پشاور سے واپسی پر اپنے دفتر میں مزدور رہنماؤں کے ایک گروپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے عرُوس البلاد کراچی کو اِن ہی بنیادوں پر کئی دہائیوں تک مُنقسم رکھا گیا جس کے نتیجہ میں شہر کی تقریبا 35فیصد صنعتیں ملک کے دیگر شہروں اور بیرونِ ملک بھی منتقل ہوگئیں اور اس طرح مملکت پاکستان کو اربوں روپئے ماہانہ کا نقصان برداشت کرنا پڑا اور لاکھوں محنت کش عوام کو بیروزگاری کے جہنم میں دھکیل دیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی لسّانیت پھیلانے کی سیاست کے خلاف اور عوام کی یکجہتی کو مستحکم کرنے کے پر یقین رکھتی ہے اور اس ضمن میں محنت کش طبقہ کا انتہائی بنیادی کردار ہے۔

حبیب الدین جنیدی نے کہا کہ ماضی میںنفرت کی سیاست کی وجہ سے شہر طویل عرصہ تک لہولہان رہا اور اب وقت آچکا ہے کہ شہر قائد میں بسنے والی تمام لسّانی اکائیوں اور طبقات کو متحد ہوکر نفرت کی سیاست کا قلعہ قمعہ کرنا ہوگا۔پشاور کے جلسہ کے حوالہ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ایک تاریخی جلسہ تھا جب کہ چیئرمین بلاول بھٹو کی تقریر پاکستان کے جمہوری اور پروگریسو مستقبل کی آئینہ وار تھی جس نے خیبر پختونخواہ کے نوجوانوں اور غریبوں میں حوصلہ اور جدوجہد کی نئی روح پھونک دی ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں