جب تک غیرقانونی تعمیرات مسمار نہیں ہوتی چین سے نہیں بیٹھوں گا، ایاز میمن

پیر 6 دسمبر 2021 16:43

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2021ء) چیئر مین کراچی تاجر الائنس ایسوسی ایشن ایاز میمن موتی والا نے کہاہے کہ کراچی میں غیر قانونی تعمیرات مافیا کے خاتمے تک سکون سے نہیں بیٹھوں گا، ناجائز تجاوزات کرنے والوں نے کراچی کو اپنا ٹارگٹ بنا لیا ہے، گزشتہ کئی ماہ سے کراچی میں ہونے والی غیرقانونی تعمیرات کے خلاف آواز اٹھا رہا ہوںگا، جمشید روڈ نمبر2اسلامیہ کالج کے پاس پلاٹ نمبر 382پر غیر قانونی پلازہ بنا دیا گیا ہے جبکہ یہ پلاٹ ایس بی سی اے کے ریکارڈ کے مطابق رہائشی پلاٹ ہے اور اس کا کمرشل قانونی طور پر جرم ہے، ان خیالات کا اظہارانہوں نے اپنی رہائشگا ہ سے جاری کردہ بیان میں کیا، ایاز میمن نے کہا کہ کراچی کی عوام سے درخواست ہے کہ وہ جمشید روڈ، گارڈن ویسٹ، ایسٹ ، ناظم آبادکے علاقوں میں بننے والے پورشن ، دکانوں اور فلیٹس کی خریدو فروخت سے اجتناب کریں غیرقانونی تعمیرات مافیا نے ان علاقوں پر قبضہ کیا ہوا ہے اور بنا کسی این اوسی، کمپلیشن سرٹیفکیٹ اوربنا کسی این او سی فور سیل کے یہ لوگ سادہ لوح عوام کو لوٹ رہے ہیں، غیرقانونی تعمیرات کرنے والی بلڈرز مافیا سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے راشی افسران کی مدد سے جعلی کاغذات بنا کر رہائشی پلاٹوں پر کمرشل پلازے بنا رہے ہیں نیچے دکانیں اور اوپر فلیٹس بنا کر لاکھوں کے پلاٹ کو کئی کروڑوں میں بیچ کر ملک سے فرار ہوجاتے ہیں اور بعدمیں ان کی جعل سازی اور غیرقانونی عمل کا خمیازہ لوگوںکو اپنے گھروں سے بے گھر ہونے کی صورت میں بھگتنا پڑتا ہے، انہوں نے کہا کہ دنیا کے خوبصورت ترین شہر کراچی کو قبضہ اور غیرقانونی تعمیرات مافیا نے بلڈنگوں کے جنگل میں بدل دیاہے اس وقت شہر میں غیرقانونی بلڈنگز اتنی ہوگئی ہیں کہ مختلف علاقوں میں تو ہوا بھی نہیں لگتی ، انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کے حسن کو تباہ کرنے والوں کے خلاف عدالت میں جائونگا کیونکہ کراچی ہم سب کا ہے اور ہمیں اس کی ترقی اور خوبصورتی کے لیئے اپنی ذمہ داری نبھانی ہوگی اور کسی بھی طرح کے غیرقانونی کاموں کے بارے میں متعلقہ اداروں کو مطلع کرناچاہئے، کراچی میں ہونے والی غیرقانونی تعمیرات کے خلاف مسلسل جدوجہد کر رہا ہوں اور تمام متعلقہ اداروں کو درخواستیں بھی جمع کروا رہا ہوں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں