پرنتھا کمارا کی جان بچانے کی کوشش کرنے والے شہر ی کی بہادری پرقوم کو فخر ہے، حنید لاکھانی

پیر 6 دسمبر 2021 16:43

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2021ء) سماجی رہنما و ماہر تعلیم حنید لاکھانی نے سیالکوٹ واقعے میں اپنی جان جوکھوں میں ڈال کر سری لنکن شہری پرنتھا کمارا کو بچانے کی کوشش کرنے والے شہری ملک عدنان کی شجاعت و بہادری کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ جو لوگ بہادر ہوتے ہیں ان کی قدر کرنی چاہیے، ملک عدنان نے اپنی شجاعت سے پاکستان کو بدنام ہونے کی سازش سے بچانے کی کوشش کی اور ہجوم میں سری لنکن شہری کی حفاظت کی بھرپور کوشش کی، ان خیالات ا ظہار انہوں نے حنید لاکھانی سیکرٹریٹ سے جاری کردہ بیان میں کیا، حنید لاکھانی نے کہا کہ سب کو ملکر نوجوانوں میں شعور اجاگر کرنے کی ضرورت ہے کہ پاکستان انتہاء پسند نہیں بلکہ انسانیت پسند اور انسانیت کی خدمت کرنے والا ملک ہے، اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستانی نوجوانوں میں قابلیت، شجاعت، بہادری اور ذہانت کی کمی نہیں ہے یہی وجہ ہے کہ ہمارے نوجوان اپنی صلاحیتوں کے بل بوتے پر بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کررہے ہیں، ہمارے نوجوانوںمیں وہ تمام خصوصیات موجود ہیں جو نوجوانوں کا خاصہ تصور کی جاتی ہیں،لیکن سمجھدار قومیں اپنے نوجوانوں کی وقت کے ساتھ ساتھ ذہنی تربیت کرتی رہتی ہیں کہ تا کہ ان کی سوچ میں نکھار اور پختگی پیدا ہو اور وہ معاشرتی اونچ نیچ کو سمجھنے اور کسی بھی غیر یقینی صورتحال کو دانشمندی سے سنبھال سکیں، انہوں نے کہا کہ تجربے کا کوئی نعم البدل نہیں ہوتا بزرگوں کو چاہیے کہ آج کے مصروف دور میں اپنے خاندان ، گھر، برادری اور محلے کی سطح پر اپنے نوجوانوں کو زمانے کے اطوار کو سمجھنے اور اچھے برے کو ہینڈل کرنے کے رموز سکھائیں ، نوجوانوں کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھائیں اور پوری دنیا کو یہ پیغام دیں کہ ہم امن پسند قوم ہیں جو کہ پوری دنیا میں امن کے خواہاں ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ سانحہ سیالکوٹ نہایت افسوسناک ہے اور اس واقعے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ ہمیں اس بات پر فخر بھی کرنا چاہیے کہ ہمارے ہی معاشرے میں ایسے لوگ بھی موجود ہیں جواپنی جان سے زیادہ انسانیت کو اہمیت دیتے ہیں اور ان کی نظر میں رنگ، مذہب، شہریت کی نہیں بلکہ انسانیت کی اہمیت ہے ۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں