اعلی ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے تحت سالانہ امتحانات 2017 ء کا آغاز ہوگیا

بر وقت سوالیہ پرچے ترسیل ہوئے اور مقررہ وقت پر امتحانات شروع ہوئے، کسی بھی سینٹر سے کسی قسم کی کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی، انٹربورڈ کا اعلامیہ

جمعہ 28 اپریل 2017 23:13

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2017ء) اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ، کراچی کے تحت سالانہ امتحانات 2017 ء کا آغاز ہو گیاہے، صبح کے وقت تمام امتحانی مراکز میں بر وقت سوالیہ پرچے ترسیل ہوئے اور مقررہ وقت پر امتحانات شروع ہوئے، کسی بھی سینٹر سے کسی قسم کی کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی۔ جمعہ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق میڈیا کی جانب سے یہ پروپیگنڈہ قطعی غلط ہے کہ پرچہ صبح 9.15 پر آوٹ ہوا جبکہ سوالیہ پرچہ طلباء و طالبات میں تقسیم کرنے کیلئے تقریباً پندرہ منٹ قبل کھولا جاتا ہے تاکہ کمرہ امتحان تک بروقت پہنچ سکے۔

اسی طرح دوپہر کی شفٹ میں اسلامیات کے پرچے کی آوٹ ہونے کی رپورٹ3.37 پر نشر ہوئی حالانکہ 3.30 پر پرچہ شروع ہو چکا تھا لہٰذا مذکورہ خبر منفی پروپیگنڈے کے مہم کی ایک کڑی معلوم ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں بعض الیکٹرانک میڈیا کے ادارے بھی باقاعدگی کے ساتھ گمراہ کن خبریں نشر کر رہے ہیں جس کی بورڈ سختی سے مذمت کرتا ہے ۔ جمعہ کی صبح سائنس گروپ کا اردو سال دوئم کا پیپر اور دوپہر میں تعلیماتِ اسلامی سال اول کامرس گروپ کا پیپر تھا جو کہ قائم مقام ناظم امتحانات محمد جعفر کی نگرانی میں سی سی او حضرات کوسوالیہ پرچہ جات سر بمہر پیکٹ میںسپرد کیا گیا اور انہوں نے امتحانی مراکز کے سینٹر سپرنٹینڈنٹ کو بروقت پہنچا دیا۔

تمام امتحانی مراکز میں پر سکون طریقے سے امتحانات منعقد ہوئے ۔ چیئرمین اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ ، پروفیسر انعام احمد نے نقل مافیا گروہ کے خلاف بھر پور اقدامات کئے۔ اس سلسلے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کا بھرپور تعاون حاصل رہا۔ چیئرمین انٹرمیڈیٹ بورڈ اور قائم مقام ناظم امتحانات نے صبح کے اوقات میں گورنمنٹ دہلی کالج اور گورنمنٹ سراج الدولہ کالج کا دورہ کیا اور وہاں جاری امتحانات پر اطمینان کا اظہار کیا اور سینٹر سپرنٹنڈنٹ کو نقل روکنے کے خلاف سخت ترین اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔

دوسری جانب پروفیسر ڈاکٹر ناصر انصار، ڈائریکٹر جنرل کالجز اور ڈائریکٹر جنرل، پرائیویٹ اسکولز نے صبح کے اوقات میں ڈی جے سندھ گورنمنٹ سائنس کالج اور گورنمنٹ سٹی کالج جبکہ دوپہر کے اوقات میں گورنمنٹ اسلامیہ کالج برائے خواتین کا دورہ کیا اور وہاں پر انٹر میڈیٹ بورڈ کراچی کی جانب سے کئے گئے انتظامات اور جاری امتحانات پر اطمینان کا اظہار کیا ساتھ ہی نقل روکنے کے خلاف مثبت اقدامات کرنے پر امتحانی مراکز کی انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا۔

مزید براں چیئرمین انٹرمیڈیٹ بورڈ ، سیکریٹری انٹرمیڈیٹ بورڈ و دیگر افسران نے دوپہر کی شفٹ میں ہونے والے امتحانات کے دوران عبداللہ گورنمنٹ گرلز کالج، نارتھ ناظم آباد کا اچانک دورہ کیااور وہاں جاری امتحانات کا معائنہ کرتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا۔ آج ہونے والے امتحانات کے حوالے سے نقل کے چار کیسز رپورٹ ہوئے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں