اے ٹی ایم مشینوں سے رقم کی چوری میں ملوث5 چینی ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں 18جنوری تک توسیع

پیر 15 جنوری 2018 22:18

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جنوری2018ء)کراچی کی مقامی عدالت نے اے ٹی ایم مشینوں سے رقم کی چوری میں ملوث5 چینی ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں 18جنوری تک توسیع کردی ہے ۔عدالت نے مترجم کو ساتھ نہ لانے پر تفتیشی افسر پر اظہار برہمی کیا اور ریمارکس دیئے کہ آئندہ سماعت پر مترجم کو ساتھ نہ لائے تو ملزمان کو جیل بھیج دیا جائے گا ۔

پیر کو جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں اے ٹی ایم مشینوں سے رقم کی چوری میں ملوث دو چینی ملزمان کوپیش کیا گیا ۔دوران سماعت عدالت نے ملزمان سے استفسار کیا کہ کیا آپ پر تشدد ہوا ہے ۔تفتیشی افسر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ملزم انگلش نہیں جانتا ہے ۔جوڈیشل مجسٹریٹ نے اشارے سے ملزمان سے پوچھا کہ کیا تشدد ہوا ہے جس پر ملزمان نے اشارے سے بتایا کہ سر پر چوٹ ماری ہے ۔

(جاری ہے)

میری آنکھوں پر پٹی باندھ کر مارا گیا ۔تفتیشی افسر نے کہا کہ ملزم نے خود دیوار پر ٹکر ماری ہے ۔عدالت نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ مترجم کو کیوں ساتھ نہیں لائے ۔کیسے معلوم ہوگا کہ یہ ملزمان ہیں اور ان کے نام کیا ہیں ۔ملزمان سے کاغذ پر نام اور ولدیت لکھوا کر تصدیق کرتے ہیں ،جس پر ملزمان نے اپنے نام اور ولدیت تحریر کرکے عدالت کو دکھایا۔

ملزمان نے چائینز میں نام تحریر کیا اور پھر جویشنل مجسٹریٹ نے نام پکارا۔ملزمان نے نام اور ولدیت پکار پر تصدیق کی۔عدالت میں ملزمان کے پاسپورٹ ،مزید اے ٹی ایم اسکریننگ مشین اور جعلی اے ٹی ایم کارڈ بھی پیش کیے گئے ۔عدالت نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ مزید کیا ریکوری کرنی ہے ۔تفتیشی افسر نے کہا کہ پری پیڈ اے ٹی ایم کارڈ ،ایم ایس آر مشین ،بینک کارڈ اور خفیہ کیمرے بھی برآمد کرنے ہیں ۔عدالت نے دو ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں 18 جنوری تک توسیع کردی ۔واضح رہے کہ دونوں ملزمان پہلے سے گرفتار اور پولیس ریمانڈ پر ہیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں