سندھ اسمبلی:تحریک انصاف کے خرم شیر زمان کی تحریک التواء خلاف ضابطہ قرار دے دی گئی

پیر 15 جنوری 2018 23:02

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جنوری2018ء) سندھ اسمبلی نے کراچی شہر میں بڑھتے ہوئے اسٹریٹ کرائمز کے حوالے سے پاکستان تحریک انصاف خرم شیر زمان کی تحریک التواء خلاف ضابطہ قرار دے دی ۔ خرم شیر زمان نے کہا کہ پورے کراچی میں اسٹریٹ کرائم میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ۔ سینئر وزیر خوراک و پارلیمانی امور نثار احمد کھوڑو نے فنی بنیادوں پر تحریک التواء کی مخالفت کی ۔

خرم شیر زمان نے کہا کہ کراچی میں لوگوں کو سرعام لوٹا جا رہا ہے ۔ میری اپنی بیٹی کے ساتھ ڈکیتی کا واقعہ ہوا ہے، حکومت کہتی ہے کہ سب ٹھیک ہے ۔

(جاری ہے)

نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ کراچی میں امن وامان کی صورت حال بہتر ہوئی ہے، اس پر کیوں بات نہیں کی جاتی ۔ اب آزادی کا ماحول ملا ہے ۔ بوری بند لاشیں ملنا بند ہوگئی ہیں ۔ کراچی میں جو کچھ ہو رہا تھا ، حکومت سندھ نے اس پر کنٹرول کیا ۔

رینجرز کو خصوصی اختیارات دیئے گئے ۔ اب حالات اتنے بہتر ہیں کہ خصوصی اختیارات دیئے بغیر بھی کام چل سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسٹریٹ کرائمز ہیں ۔ دہشت گردی میں کمی ہوئی ہے تو اسٹریٹ کرائمز میں اضافہ ہوا ہے لیکن حکومت انہیں کنٹرول کر رہی ہے ۔ ڈپٹی اسپیکر سیدہ شہلا رضا نے تحریک التواء کو خلاف ضابطہ قرار دے دیا۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں