سینیٹ کی اسٹینڈنگ کمیٹی کی ہدایت پر نیشنل بینک ملازمین کی ترقیوں کے حوالے سے شکایات کے لئے جائزہ کمیٹی بنانے کا فیصلہ

منگل 16 جنوری 2018 18:43

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جنوری2018ء) سینیٹ کی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے خزانہ اور اکنامک افیئرز نے نیشنل بینک آف پاکستان میں ملازمین کی ترقیوں کے عمل پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سلسلے میں شکایات کے ازالے کے لئے جائزہ کمیٹی بنائی جائے تاکہ متعلقہ ملازمین کی جائز شکایات دور کی جا سکیں۔ نیشنل بینک کے ہیڈ آفس میں منعقدہ اجلاس میں نیشنل بینک کے صدر سعید احمد نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ملازمین کی ترقیاں میرٹ، قابلیت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا جائزہ لے کر قواعد و ضوابط کے تحت کی گئی ہیں، اس حوالے سے اگر کسی کو شکایت ہے تو اپیل کی جا سکتی ہے تاکہ کسی کے ساتھ ناانصافی نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ بعض عناصر اس حوالے سے غیر ضروری پروپیگنڈہ کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹی سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت اجلاس میں شوگر ملوں کو گنے کی خریداری کی استعداد بڑھانے کے لئے نیشنل بینک کی فنانسنگ کا جائزہ لیا گیا۔ کمیٹی ممبران نے بینک انتظامیہ پر زور دیا کہ فنانسنگ میں تاخیر سے گنے کے کاشتکار متاثر ہوتے ہیں لہذا تمام شوگر ملوں کی فنانسنگ ضرورت کے مطابق بروقت مکمل کی جائے۔

اجلاس میں چین میں نیشنل بینک کی برانچ کھولنے کے حوالے سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ صدر نیشنل بینک نے اجلاس کو بتایا کہ اس حوالے سے ضروری امور طے کئے جا رہے ہیں۔ نیشنل بینک کی کارکردگی میں بہتری لانے کے لئے مختلف سطح پر اقدامات کئے جا رہے ہیں اور جلد اس کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔ بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سلیم مانڈوی والا نے نیشنل بینک انتظامیہ کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میرٹ اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں مزید بہتری لانے کی ضرورت ہے۔

اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے صدر نیشنل بینک نے کہا کہ کنٹریکٹ اور آئوٹ سورس ملازمین کی مستقلی کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، اس حوالے سے قواعد و ضوابط مکمل کر کے ان کی ملازمت کو مستقل کر دیا جائے گا۔ اجلاس میں سینیٹر الیاس احمد بلور، سینیٹر محمد محسن خان لغاری، سینیٹر نسرین جلیل، سینیٹر سعود مجید، سینیٹر بیرسٹر مرتضیٰ وہاب، سینیٹر عثمان سیف اللہ خان، سینیٹر محسن عزیز اور دیگر نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں