شارع فیصل پر سرعام فائرنگ کر کے اداروں کو چیلنج کرنیوالا ملزم اب تک گرفتار نہ ہوسکا

اتوار 25 فروری 2018 18:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 فروری2018ء) کراچی کے علاقے شارع فیصل پر نشے کی حالت میں فائرنگ کرنیوالا ملزم عدنان پاشا اب تک گرفتار نہ ہوسکا۔پولیس ذرائع نے کہا کہ ملزم عدنان پاشا کے گھر تالا ہے اور وہ اہلیہ اور بہن کو لے کر فرار ہوگیا ہے،ملزم کی گرفتاری کیلئے گلستان جوہر بلاک 11 میں اس کے سسرال کے گھر چھاپا مارا تاہم وہاں موجود نہیں تھا جب کہ کارروائی کے دوران ملزم کے دو برادر نسبتی اور 5 افراد کو پوچھ گچھ کیلئے حراست میں لے لیا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ نوجوان نے کراچی کی اہم ترین سڑک شارع فیصل پر رات کے اوقات میں سرعام فائرنگ کی جس کے بعد ویڈیو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کردی تھی۔نوجوان نے ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو چیلنج کیا تھا ،اس دوران اپنا نام ’عدنان پاشا‘ بتایا تھا۔ذرائع کے مطابق فائرنگ کرنے والا نوجوان رینٹ اے کار کا کام کرتا ہے۔گزشتہ روز وزیر داخلہ سندھ نے حکم دیا کہ ملزم کو فوری گرفتار کرکے اس کے خلاف تحقیقات کی رپورٹ بھی ارسال کی جائے۔دوسری جانب آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے بھی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ پولیس افسران کو شہری کے خلاف فوری کارروائی کا حکم دیا۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں