حاجی علی بخش مہر کی وساطت سے سندھ کے راجپوت قبیلوں کو شناخت ملی،تعزیتی ریفرنس

راجپوت برادری کے اتحادکے لئے حاجی علی بخش مہر کی خدمات ہمیشہ یادرکھی جائیں گی،مقررین

اتوار 25 فروری 2018 21:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 فروری2018ء) سابق وزیراعلیٰ سندھ سردارعلی محمدمہر کے ماموں،پنوں عاقل کینٹونمنٹ بورڈ کے چیئرمین اور راجپوت سپریم کونسل سندھ کے صدر مرحوم حاجی علی بخش مہر کی یادمیں ایک تعزیتی ریفرنس ایئرپورٹ ہوٹل کراچی میں منعقدہوا۔راجپوت سپریم کونسل انٹرنیشنل کے زیراہتمام اس تعزیتی ریفرنس میں سینئر نائب صدر رانامحمدیاسین خاں، ڈپٹی چیئرمینز رائومحمدشفیق،راناعنایت، مرکزی رہنماراناسلیم چاند، راجپوت یونٹی کونسل اور اخبارراجپوت کے بانی راناتنویر احمد،حافظ رانانورحسن صدیقی سمیت راجپوت برادری سے تعلق رکھنے والی دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی،اس موقع پر ممتازعالم دین علامہ حافظ غلام غوث چشتی نے فاتحہ خوانی ودعافرمائی۔

تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رانامحمدیاسین ودیگر مقررین نے حاجی علی بخش مہر کی راجپوت برادری کے لئے خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ حاجی علی بخش مہر کی وساطت سے سندھ کے راجپوت قبیلوں کو راجپوتی شناخت ملی،2003ء میں کنور عبدالمجید مرحوم سے ملاقات کے بعد انہوں نے اپنی ساری توجہ اور محنت سندھ میں راجپوت برادری کو متحدکرنے،برادری کو واضح شناخت دینے اور ان کی فلاح وبہبود کی منصوبہ بندی پر مرکوزکردی،جس کا واضح ثبوت 2010ء میں سکھر میں عظیم الشان راجپوت کنونشن کاانعقاداور اس کی میزبانی تھی۔

(جاری ہے)

مقررین نے کہاکہ حاجی علی بخش مہر بلاشبہ اللہ غفوررالرحیم کی لامحدود عطاکے مستحق ہیں اور رسول خداﷺ کے وعدے کے مطابق جنتی ہیں،سردارحاجی علی بخش مہر روزانہ کی بنیادپر دوبھائیوں کے درمیان اختلافات دورکرکے ان کابہترفیصلہ کرکے آپس میں ملوادیاکرتے تھے اور روزانہ ایسے کئی فیصلے ان کی زندگی کاحصہ تھے،وہ روزانہ بڑے پیمانے پر خلق خداکی خاطرمدارات کیاکرتے تھے۔

مقررین نے کہاکہ سردارحاجی علی بخش مہر نے کنورعبدالمجید کی وفات کے بعد راجپوت سپریم کونسل کے اکابرین اور کارکنان کوسرپرستی کا احساس دیا،ان کی خواہش تھی کہ راجپوت برادری پھلے پھولے اور وطن عزیز کے استحکام کی ضمانت بنے۔انہوں نے بارہا راجپوت سپریم کونسل کے دولخت ہونے پر رنجیدگی کا اظہارکیا۔وہ کہاکرتے تھے کہ برادری کو متحدکرنے کا کام ادھورارہ گیا،تاہم انہوں نے ہرموقع پر کونسل کے دھڑوں کے ممبران کے لئے ہمیشہ نیک خواہشات کا اظہارکیا۔

وہ اس امید کااظہارکیاکرتے کہ کنورعبدالمجید کا لگایاہواپودا ایک دن ضرورعظیم الشان شجر سایہ داربنے گا اور راجپوت برادری کے تمام طبقات اس کے سائے سے مستفید ہوں گے۔اجلاس کے شرکاء نے دعاکی کہ اللہ تعالیٰ سردارحاجی علی بخش مہر کی آخرت کی تمام منزلیں آسان فرمائے،ان کے صغیرہ کبیرہ گناہوں کو معاف کرکے ان کی مغفرت فرمائے،ان کے درجات بلند کرکے جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطافرمائے،ان کے لواحقین کو صبرجمیل اور ان کے نقش قدم پر چلنے اور ان ہی طرح خلق خداکی خدمت کرنے کی توفیق عطافرمائے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں