اُردو پوائنٹ پاکستان کراچیکراچی کی خبریںسندھ بالخصوص کراچی پاکستان تحریک انصاف کا مضبوط ترین قلعہ ثابت ہوگا، ..

سندھ بالخصوص کراچی پاکستان تحریک انصاف کا مضبوط ترین قلعہ ثابت ہوگا، فردوس شمیم نقوی

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 اپریل2018ء)پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر فردوس شمیم نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سندھ اور بالخصوص کراچی کے عوام کی آخری امید ہیں۔ ملک کو بدعنوان حکمرانوں سے پاک کرکے انصاف اور عدل کی حکومت لائیں گے۔ کراچی کو دوبارہ روشنیوں کا شہر بنائیں گے۔ یہ باتیں انہوں نے پارٹی سیکرٹریٹ ’’انصاف ہائوس‘‘ کراچی میں ہونے والے عہدیداران و کارکنان کے ایک اجلاس میں بات چیت کے دوران کہیں۔

اس موقعے پر کراچی کیبنٹ کے ممبران بشمول سندھ اسمبلی میں پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر خرم شیر زمان، سدرا عمران اور ڈاکٹر سنجے گنگوانی بھی موجود تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی ملک کا سب سے بڑا شہر ہے لیکن سب سے زیادہ مسائل کا شکار بھی ہے۔

(خبر جاری ہے)

آج کراچی میں گندگی ہے، آلودگی ہے اور مہنگائی ہے۔ اگر نہیں ہے تو بجلی اور پانی نہیں ہے جو کراچی کے شہریوں کا بنیادی حق ہے۔

پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کو اِس بار بھی پانچ سال کی حکومت ملی لیکن سندھ اور بالخصوص کراچی کے عوام کو تباہی اور بربادی کے سوا کچھ نہیں ملا۔ بدعنوانی اگر ایک حد تک کی گئی ہو تی تو شاید نظر بھی نہ آتی لیکن حکمران سیاسی جماعت کی بدقسمتی یہ ہے کہ انہوں نے جب ،جہاں اور جتنا جی چاہا سندھ اور بالخصوص کراچی کا پیسہ لوٹ کر اپنی مرضی سے جائیدادیں اور جاگیریں بنائیں اور بینک بیلنس بڑھائے۔

شایدا نہیں یہ احساس ہی نہیں تھا کہ ایک نہ ایک دن ان کا بھی حساب ہو کر رہے گا۔ آج کراچی کے عوام باشعور ہیں جس کا سہرا میڈیا کے سر جاتا ہے کیونکہ تعلیم کے نام پر گھوسٹ اسکول، گھوسٹ اساتذہ اور سندھ جامعات ترمیمی ایکٹ ہی ملا ہے، اگر نہیں ملا تو اتنا بجٹ نہیں ملا جس سے تعلیم اپنے پیروں پر کھڑی ہوسکے۔ پاکستان تحریک انصاف کراچی کے عوام کے مسائل حل کرنا چاہتی ہے اور وہ وقت دور نہیں جب چیئرمین تحریک انصاف کراچی کے عوام کے ووٹو ں سے جیت کر وزیر اعظم پاکستان بنیں گے ۔ ہم پورے ملک کا نظام ٹھیک کردیں گے اور سندھ بالخصوص کراچی پاکستان تحریک انصاف کا مضبوط ترین قلعہ ثابت ہوگا۔

اپنی رائے کا اظہار کریں -

کراچی شہر کی مزید خبریں