سندھ حکومت صوبے میں 12نئے میوزیم بنائے گی

میوزیم بنانے کا مقصد عوام کو سندھ کے شہروں کی تاریخ، رہن سہن، مقامی فن اور نامور ہستیوں کے حوالے سے روشناس کرانا ہے، صوبائی وزیر سردار علی شاہ

پیر 16 اپریل 2018 20:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2018ء) سندھ حکومت صوبے میں 12نئے میوزیم بنائے گی۔ میوزیم بنانے کا مقصد عوام کو سندھ کے شہروں کی تاریخ، رہن سہن، مقامی فن اور نامور ہستیوں کے حوالے سے روشناس کرانا ہے۔ میوزیم ننگر پارکر، خیرپور، موہن جو داڑو، ٹھٹھہ سمیت دیگر شہرو ں میں بنائے جارہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی محکمہ ثقافت و آثار قدیمہ کے تحت سندھ کے 12بڑے شہروں میں میوزیم قائم کئے جارہے ہیں جنکا مقصد شہروں کی تہزیب و تمدن، ثقافت اور تاریخ سے صوبے کی عوام کو روشناس کرانا ہے۔

ننگر پارکر، مٹھی، حیدرآباد سٹی میوزیم ،ٹھٹھہ میوزیم، سائیٹ میوزیم آمری سیہون، لاڑکانہ تگڑ بلڈنگ میوزیم، آرٹ اینڈ کرافٹ میوزیم سیہون شریف، بھنبور میوزیم، موہن جو داڑو، اسٹیٹ میوزیم خیرپور، سٹی میوزیم شکارپورشامل ہیں۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر ثقافت، سیاحت و نوادرات سید سردار علی شاہ نے بتایا کہ ہم نے میوزیم کے قیام کے لئے کوئی نئی عمارتیں نہیں بنائی بلکہ پہلے سے قائم محکمہ ثقافت و سیاحت کی عمارتوں میں یہ میوزیم قائم کئے جارہے ہیں جنکا مقصد ہمارے سندھ کے شہروں کی ثقافت کو قائم و دائم رکھنا اور شہریوں کو انکے بارے میں بتانا ہے۔

موہن جو داڑو کی تاریخ سے نئی نسل کو روشناس کرانا ہے۔ میوزیم کے قیام سے سندھ کے تاریخی شہروں میں لوگوں کے رہن سہن، مقامی ہنر، وہاں کے لباس، ثقافتی روایات، طرز زندگی کے بارے عوام کو آگاہ کرنا ہے۔ ان میوزیم میں نامور ہستیوں کی تصاویر بھی سجائی جائینگی جبکہ نوادارت بھی ان میوزیم کا حصہ ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ آثار سے دریافت ہونے والی اشیا بھی میوزیم میں رکھی جائینگی۔ صوبائی وزیر سید سردار علی شاہ نے کہا کہ قوموں کے زندہ ورثے کو بھی محفوظ بنایا جائیگا۔ کیونکہ وہ قومیں ہمیشہ زندہ رہتی ہیں جو اپنی تہزیب و ثقافت اور تاریخ کو محفوظ رکھتی ہیں۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں