واٹربورڈ کے ریونیو میں اضافہ کیلئے بھرپور صلاحیت بروئے کار لائی جائیں ، ایم ڈی خالد محمود شیخ

نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی جبکہ کوتاہی و غفلت کے مرتکب عملے کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی

پیر 16 اپریل 2018 23:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2018ء) ایم ڈی واٹربورڈ خالد محمود شیخ نے واٹربورڈریونیو ڈپارٹمنٹ کو ہدایت کی ہے کہ واٹربورڈ کے ریونیو میں اضافہ کیلئے بھرپور صلاحیت بروئے کار لائی جائیں ، نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی جبکہ کوتاہی و غفلت کے مرتکب عملے کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ، واٹربورڈ کے ٹیکس ڈپارٹمنٹ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے اقدامات کا آغاز کردیا گیا ہے ، ٹیکس ادائیگی اور بلوں کی درستگی سمیت واجبات کی معلومات کے سلسلے میں ٹیکس دفاتر میں آنے والے شہریوں کو سہولیات سمیت بہترماحول فراہم کیا جائے گا ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے صدر ،جمشید ٹاؤن ،لیاری، کلفٹن اور گلشن اقبال میں قائم واٹربورڈ کے ٹیکس دفاتر کے اچانک دورے کے موقع پر کیا ،ان کے ہمراہ ڈی ایم ڈی (آر آر جی ) محمد اسلم خان ،ضلعی ٹیکس ڈائریکٹرز اور دیگر افسران بھی تھے ، ایم ڈی واٹربورڈ نے اس موقع پرعملے کے حاضری رجسٹرڈ چیک کئے اور تاخیر سے دفتر آنے والوں کو متنبہ کیا کہ وہ اپنی روش ترک کردیں بصورت دیگر ان کے خلاف بلاکسی لحاظ کارروائی عمل میں لائی جائے گی ،انہوں نے ڈپٹی ڈائریکٹرز کو پابند کیاکہ وہ فیلڈ اسٹاف کے مومنٹ رجسٹرڈ میں ان کی آمد اور روانگی کااندراج کریں،بلوں کی تقسیم کو ہر حال میں یقینی بنایاجائے،اپنے مسائل کے حل کے سلسلے میں ٹیکس دفاتر آنے والے شہریوں سے خوش اخلاقی سے پیش آیا جائے ،انہوں نے کہا کہ شہریوں کو فراہمی ونکاسی آب کی بہترسہولیات کی فراہمی کیلئے ادارے کا مالی استحکام ناگزیر ہے ،واٹربورڈ شہری خدمتی ادارہ ہے ،اس کے وسائل محدود ہیں ،شہریوں کو سیکڑوں کلو میٹر دور سے پانی لاکر دستیاب پانی کو منصفانہ تقسیم اور شہریوں کو نکاسی آب کی سہولت بہم پہنچانے میں کثیر رقم خرچ ہوتی ہے ،ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی ، طبی سہولیات کی فراہمی سمیت دیگر مدمیں اخراجات کیلئے بھی واٹربورڈ کا مالی طور پر مستحکم ہونا بہت ضروی ہے ،انہوںنے کہا کہ بلوں کی بروقت ادائیگی اور واجبات کی وصولی کے ضمن میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ملازمین کی بھرپور حوصلہ افزائی کیلئے مختلف اقدامات کئے جائیں گے جبکہ فرائض سے غفلت برتنے والوں کیخلاف قواعد کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی ،اس موقع پر انہوںنے ڈی ایم ڈی آر آر جی کو ہدایت کی کہ واٹربورڈ کے ضلعی ٹیکس دفاتر کو جدید سہولیات سے آراستہ کیا جائے جہاں صارفین کو تمام سہولیات کے ساتھ ساتھ بھرپور رہنمائی و بہترین ماحول بھی فراہم کیا جائے ۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں