ایس ایس پی سینٹرل نے 626 پولیس افسران کے تبادلے کردیئے

لگ بھگ 700 پولیس افسران و اہلکار ایسے پائے گئے جو کئی کئی سال سے ایک ہی تھانے میں ڈیوٹی سرانجام دے رہے تھے، ایس ایس پی سینٹرل

منگل 17 اپریل 2018 13:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2018ء) کراچی کے ضلع وسطی میں منظم جرائم پر قابو پانے کیلئے ایک حکمت عملی کے تحت ایس ایس پی سینٹرل نے بیک وقت 626 پولیس افسران اور اہلکاروں کے تبادلے کردیئے ہیں۔ تبدیل کیے جانے والے بعض افسران اور اہلکار دس دس پندرہ پندرہ سال سے ایک تھانے میں تعینات تھے۔پولیس ذرائع کے مطابق کراچی پولیس کی تاریخ میں پہلی بار ہوا ہے کہ ایک ساتھ سیکڑوں ملازمین کو ادھر ادھر کیا گیا ہے۔

اس ضمن میں ایس ایس پی سینٹرل ڈاکٹر رضوان خان نے بتایا کہ ضلع وسطی میں بطور ایس ایس پی چارج لیتے ہیں، انہوں نے ایک ماہ قبل ہی اس سلسلے میں کام شروع کر دیا تھا۔ ضلع بھر کے تھانوں میں تعینات افسران اور اہلکاروں کی فہرستیں بنا کر ان کی تعیناتی کے دورانیہ کی جان پڑتال کی تو لگ بھگ 700 پولیس افسران و اہلکار ایسے پائے گئے جو کئی کئی سال سے ایک ہی تھانے میں ڈیوٹی سرانجام دے رہے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ ایک کانسٹیبل پولیس میں بھرتی ہونے کے بعد جس تھانے میں تعینات ہوا وہ ترقی پاتے پاتے انسپکٹر کے رینک تک چلا گیا مگر کسی اور تھانے میں نہیں گیا۔ڈاکٹر رضوان خان کے مطابق کسی افسر یا اہلکار کسی تھانے میں دو سال سے زیادہ عرصہ تعینات نہیں ہونا چاہیے۔ ڈاکٹر رضوان خان کے مطابق ان اہلکاروں میں سے بیشتر کا جرائم پیشہ افراد کے ساتھ گٹھ جوڑ بھی پکڑا گیا۔پولیس کی مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث افراد کے ساتھ نیٹ ورک کو توڑنے کے لئے پہلے مرحلے میں انھیں ان تھانوں سے ہٹا کر ضلع وسطی کے دیگر تھانوں میں تعینات کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ایک وقت میں 626 اہلکاروں کی ریکارڈ تقرریاں اور تبادلے ہیں۔ ایس ایس پی سینٹرل ڈاکٹر رضوان کے مطابق یہ سلسلہ جاری رہے گا۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں