کراچی کے عوام کے تمام مسائل کا حل شہر کو میگا سٹی بنانے سے ہی ممکن ہے،عبدالحاکم قائد

وزیر اعلیٰ پنجاب کے دورہ کراچی میں کراچی کو لاہور بنانے کا اعلان خوش آئند ہے،عوام بجلی ،پانی ،روزگار، تعلیم اورصحت کے بے پناہ مسائل کا شکار ہیں،صدر پاسبان کراچی

جمعہ 20 اپریل 2018 23:47

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اپریل2018ء) پاسبان کراچی کے صدر عبدالحاکم قائد نے کہا ہے کراچی کے عوام کے تمام مسائل کا حل کراچی کو میگا سٹی بنانے سے ہی ممکن ہے ۔ اگروزیر اعلیٰ،سندھ کے عوام سے مخلص ہیں تو سندھ حکومت کے اختتام سے قبل کراچی کو میگا سٹی کا درجہ دینے کا اعلان کریں۔گذشتہ دنوں وزیر اعلیٰ پنجاب کے دورہ کراچی میں کراچی کو لاہور بنانے کا اعلان خوش آئند ہے مگر اس طرح کے خوشنما اعلانات عوام صدیوں سے سنتے آرہے ہیں جبکہ عملاً یہ اعلانات عوام کو بیوقوف بناکر ووٹ حاصل کرنے کے علاوہ کچھ نہیں ۔

کراچی پورے ملک کو ریونیو دیکر چلا رہا ہے مگر کراچی کے عوام بجلی ،پانی ،روزگار، تعلیم اورصحت کے بے پناہ مسائل کا شکار ہیں۔ ان کے مسائل کے حل کے نام پر سندھ میں10سال پیپلز پارٹی نے اوروفاق میں 5سال مسلم لیگ ن نے حکمرانی تو کرلی مگر کرپشن کرنے اور عوام کو مسائل کے انبار کے سوا ان حکومتوں نے کچھ نہیں دیا ۔

(جاری ہے)

اگر کراچی کومیگا سٹی کا درجہ دیا جاتا تو کراچی کے عوام کو اپنی بجلی ،پانی ،تعلیم ،صحت اور روزگار کے بھرپور مواقع میسر ہوتے ۔

وزیر اعلیٰ سندھ کے لئے کراچی کے عوام کی خدمت کا ایک بہترین اور آخری موقع آچکا ہے۔ سندھ اسمبلی میں کراچی کو میگا سٹی کا درجہ دینے کا بل پیش کیا اور منظور کیا جائے ۔وہ شہر کے مختلف علاقوں کے دورے کے موقع پر پاسبان کے ذمہ داران اور ورکرز سے ملاقات میں گفتگو کررہے تھے ۔عبدالحاکم قائد نے کہا کہ اس بار کراچی کے عوام نے فیصلہ کرلیاہے کہ کسی کے بہکاوے میں نہیں آئیں گے ۔

کراچی کے عوام نے پاسبان سے امیدیں وابستہ کرلی ہیں ،پاسبان کراچی کو میگا سٹی کے حقوق دلائے گی ۔ عوام اب اپنا ووٹ مفاد پرست سیاستدانوں اور کرپشن کرنے والوں کو نہیںدیں گے ۔ پاسبان کے کراچی کو میگا سٹی بنانے کے مطالبہ کی اصل وجہ کراچی کے عوام کو ان کے بنیادی حقوق دلانا ہے جو کبھی جمہوری حکومت اور کبھی آمرانہ حکومتوں نے سلب کئے رکھے ۔ اس بارعام انتخابات میں پاسبان سب پر بھاری ہوگی ۔پاسبان میںمخلص عوامی نمائندوں شامل ہورہے ہیں ،پاسبان تمام باشعور عوام سے اپیل کرتی ہے کہ وہ پاسبان کے پلیٹ فارم پر متحد ہوجائیں تاکہ مفاد پرستی، اقربا پروری ،وڈیرہ شاہی اور کرپشن کی سیاست کا مکمل خاتمہ ہوسکے ۔#

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں