نظریہ پاکستان ہی ملک کی تعمیر وترقی اورتحفظ پاکستان کی ضمانت ہے، ایم ایم اے انتخابات میں سیکولرولادین قوتوں کا بھرپور مقابلہ اور کامیاب ہوکر قیام پاکستان کے حقیقی مقاصد کی تکمیل کیلئے جدوجہد کرے گی،اسداللہ بھٹو ،یونس بارائی ،مولاناغیاث ودیگر کا کوئٹہ ٹاؤن میں عید ملن پارٹی سے خطاب

اتوار 24 جون 2018 21:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 جون2018ء) متحدہ مجلس عمل کے مرکزی رہنماء اور این اے 242پر نامزد امیدوار اسداللہ بھٹو نے کہا ہے کہ نظریہ پاکستان ہی ملک کی تعمیر وترقی اورتحفظ پاکستان کی ضمانت ہے، ایم ایم اے انتخابات میں سیکولرولادین قوتوں کا بھرپور مقابلہ اور کامیاب ہوکر قیام پاکستان کے حقیقی مقاصد کی تکمیل کیلئے جدوجہد کرے گی،پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم نے عوام کے مسائل حل کرنے کی بجائے دیہی وشہری کی تفریق پیدا کرکے لڑاؤ اور حکومت کرو کی پالیسی پر عمل کیا جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ آج ملک کا سب سے بڑا شہر کچرا کنڈی میں تبدیل اور کراچی تا کشمور عوام پانی،بجلی،تعلیم وصحت سمیت زندگی کی بنیادی سہولتوں سے بھی محروم ہیں۔

وہ اتوار کو کوئٹہ ٹاؤن کے مقامی ہال میں ایم ایم اے زون گجرو کے تحت منعقدہ یوتھ عید ملن پارٹی سے خطاب کررہے تھے۔

(جاری ہے)

پی ایس 99پر امیدوار اور جے یو آئی ضلع شرقی کے امیر مولانا محمد غیاث، پی ایس 100کے امیدواراور ضلع شرقی کے امیر محمد یونس بارائی ، امیر زون عبدالواجد شیخ اور قیم امین اشعر نے بھی خطاب کیا،عید ملن تقریب میں زون بھر سے کارکنان اور علاقہ معززین بڑی تعداد میں شریک تھے۔

اسداللہ بھٹو نے مزید کہا کہ سابقہ اتحادی جماعتوں کی نااہل قیادت اور کرپشن کی وجہ سے کراچی بجلی،پانی سمیت مسائلستان بن چکا ہے، جس کاواحد حل انتخابات میں اہل ودیانتدار قیادت کو آگے لانا ہے۔پی ایس 100کے امیدواراور ضلع شرقی کے امیر محمد یونس بارائی نے کہا کہ پچیس جولائی کو ووٹ کی پرچی کے ذریعے ہمیں اپنی وملک کی تقدیر بدلنے کا موقع مل رہا ہے ،تمام مسائل کا حل شریعت کے نفاذ میں ہے، ہماری منزل اسلامی انقلاب ہے، ہر فرد کو اپنے حصے کا کام کرنا چاہئے۔

پی ایس 99پرنامزد امیدوار مولانامحمد غیاث نے اپنے خطاب میں کہا کہ دینی جماعتوں کا اتحاد متحدہ مجلس عمل ایک بابرکت اتحاد ہے، کراچی میں صاف وشفاف اور غیرجانبدار انتخابات ہوئے تو ان شاء اللہ مجلس عمل ملک بھر کی طرح کراچی میں میدان مارے گی اور عوام کو حیران کن نتائج دے گی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں