ایس ایچ او منگھوپیر کی انتخابات کے حوالے سے مختلف سیاسی جماعتوں کے امیدواروں سے میٹنگ

پر امن ماحول میں سیاسی سرگرمیاں، اسلحہ کی نمائش کرنے والے افراد اور جرائم پیشہ افراد کو جلسوں ریلیوں میں شریک نہ کیا جائے، ایس ایچ او

پیر 16 جولائی 2018 23:36

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2018ء) ایس ایس پی ویسٹ ڈاکٹر رضوان کی ہدایات پر ایس ایچ او منگھوپیر شاہد تاج نے منگھوپیر میں عام انتخابات 2018ء کے حوالے سے پاکستان پیپلز پارٹی، متحدہ مجلس عمل، پاکستان تحریک انصاف، مسلم لیگ (ق) سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے نمائندوں سے میٹنگ کی ۔ امیدواروں سے ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی۔

ایس ایچ او نے تمام سیاسی جماعتوں کے امیدواروں کو کارنر میٹنگز اور ریلیاں نکالنے سے تین روز قبل ڈپٹی کمشنر ویسٹ اور ایس ایس پی ویسٹ سے اجازت حاصل کرنے کے متعلق دوبارہ آگاہ کیا ۔ ایس ایچ او نے تمام سیاسی جماعتوں کے امیدواروں اور انکے فوکل پرسنز کو الیکشن کمیشن کی جاری کردہ قوانین پر عملدرآمد کرنے کی ہدایات دی ۔

(جاری ہے)

ایس ایچ او نے امیدواروں کو بتایا کہ پر امن ماحول میں سیاسی سرگرمیاں، اسلحہ کی نمائش کرنے والے افراد اور جرائم پیشہ افراد کو جلسوں ریلیوں میں شریک نہ کیا جائے۔

اجلاس میں پاکستان پیپلزپارٹی، متحدہ مجلس عمل اور مسلم لیگ قائداعظم کے امیدواروں نے شرکت کی ۔ تمام جماعتوں کے امیدواروں نے ایس ایچ او منگھوپیر کو یقین دہانی کرائی کہ انکی جانب سے پولیس کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رہے گا۔ اور جرائم پیشہ افراد اور شرپسند عناصر کو اپنی جماعتوں سے دور رکھا جائے گا۔ سیاسی جماعتوں کے نمائندوں نے ایس ایچ او منگھوپیر سے درخواست کی کہ کوئی شرپسند اگر انکی جماعت کا نام استعمال کرتے ہوئے قانون کی خلاف ورزی کرے تو اسکے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں