واٹربورڈ کے عملے نے شہر کے مختلف علاقوں میں فراہمی ونکاسی آب کی شکایات کے خاتمہ کیلئے اقدامات کی رفتار تیز تر کردی

پیر 16 جولائی 2018 23:47

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2018ء) ایم ڈی واٹربورڈ خالد محمود شیخ کی ہدایت پر واٹربورڈ کے عملے نے شہر کے مختلف علاقوں میں فراہمی ونکاسی آب کی شکایات کے خاتمہ کیلئے اقدامات کی رفتار تیز تر کردی ہے، نارتھ ناظم آباد ،گلبہار ، لیاری ، لانڈھی ، سوسائٹی،گلشن اقبال ، گلستان جوہر ، فیڈرل بی ایریا سمیت مختلف علاقوں میں دھنس جانے والی سیوریج لائنوں کی تبدیلی، رسنے والی پانی کی لائنوں کی مرمت ، کھلے مین ہولوں پر کور اور رنگ سلیب رکھنے کے علاوہ سیوریج اوورفلو کے خاتمہ کا کام جاری ہے ، تفصیلات کے مطابق ایم ڈی واٹربورڈ نے واٹربورڈ کے افسران اور انجینئرز کو ہدایات جاری کی ہیں کہ فراہمی ونکاسی آب سے متعلق شہریوں کی شکایات کے ازالے کیلئے بغیر کسی تاخیر اقدامات کئے جائیں ، واٹربورڈ کے مرکزی شکایات سیل سمیت ضلعی شکایات مراکز پر درج کرائی جانیوالی شکایات کے خاتمہ کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کیئے جائیں،ان ہدایات پر عملدآمد کرتے ہوئے واٹربورڈ کے عملے نے ٹینری روڈ لیاری میں نکاسی آب کے مسائل کے حل کیلئے 24 انچ قطر کی سیوریج لائن کی تبدیلی کے کام کا آغاز کردیا ہے ،جبکہ سرجانی ٹاؤن سیکٹر فور بی نالے کی صفائی کے دوران ٹوٹنے والی 4 انچ قطر کی پائپ لائن تبدیل کردی گئی فرید کالونی اورنگی ٹاؤن میںترقیاتی کام کے دوران متاثر ہونے والی 12 انچ قطر کی پائپ لائن کو تبدیل کردیا گیا ہے،بھنگوریہ گوٹھ عزیز آباد میں سیوریج اوورفلو کے خاتمہ کیلئے متاثرہ سیوریج لائن تبدیل کی جارہی ہے،بکرا پیڑی لیاری میں پانی کی فراہمی کو بہتر بنانے کیلئے والوو کی تنصیب کی گئی ہے،ای مارکیٹ پی سی ایچ ایس میں 4 انچ قطر کی پائپ لائن کی تنصیب کے کام کا آغاز کردیا گیا ہے مذکورہ لائن میں رساؤ پیدا ہونے کے باعث علاقہ مکینوں کو پانی کے حصول میں دشواری کا سامنا تھا ،اس کے علاوہ راضی روڈ پی سی ایچ ایس میں 12 انچ قطر کی سیوریج لائن کی تبدیلی کا کام بھی جاری ہے،کراچی ایڈمن سوسائٹی بلاک 2 میں پانی کی فراہمی بہتر بنانے کیلئے پانی کی لائن میں 6 انچ قطر کا والوو لگادیا گیا،جبکہ بن قاسم ، لانڈھی ، برنس روڈ ، پاکستان چوک ، سی پی برار سوسائٹی ، شریف آباد، فیڈرل بی ایریا بلاک 18 لانڈھی بابر مارکیٹ، کورنگی ، شیر شاہ ، عظیم پلازہ ، میٹھادر سمیت شہر کے دیگر علاقوں میں سیوریج اوورفلو کا خاتمہ کردیا گیا ہے علاوہ ازیں ایم ڈی واٹربورڈ نے اولڈ سٹی ایریا ، لائنز ایریا،گھاس منڈی ،اورنگی ، کریم آباد ، خراساں روڈ جمشید ٹاؤن میں سیوریج اووفلو اور پانی کی عدم دستیابی سے متعلق شکایات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ سپرنٹنڈنگ انجینئرز اور ایگزیکٹیو انجینئرز کو 24 گھنٹے کے اندر مسائل حل کرنے اور اس سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں