انشاء اللہ کراچی کو صرف 6 ماہ میں 2005 اور 2010 والا کراچی بنا دیں گے،سید مصطفیٰ کمال

منگل 17 جولائی 2018 00:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 جولائی2018ء) پاک سر زمین پارٹی کی انتخابی سرگرمیوں میں تیزی آگئی۔ پی ایس پی کے تحت پیر کے روز ایک عظیم الشان ریلی نکالی گئی جس کی قیادت چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کی۔ ریلی میں سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی، نیشنل کونسل، مرکزی شعبہ جات کے زمہ داران و اراکین سمیت خواتین، بزرگوں، بچوں اور نوجوانوں کی بڑی تعداد شامل تھی۔

ریلی کے شرکائ کاروں، موٹر سائیکلوں اور دیگر سواریوں پر سوار تھے۔ جنہوں نے اپنے ہاتھوں میں پی ایس پی کے انتخابی کے پرچم اٹھائے ہوئے تھے۔ اس موقع پر وطن پرست عوام نے ریلی کا راستے میں جگہ جگہ کھڑے ہو کر شاندار استقبال کیا اور ریلی کے شرکائ پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔ ریلی کے لیے کراچی بھر میں مختلف مقامات پر استقبالیہ کیمپوں کا انعقاد کیا گیا جس میں پارٹی کے نغمے بج رہے تھے، ریلی اور کیمپس پر کارکنان والہانہ رقص کرتے رہے۔

(جاری ہے)

ریلی کے دوران پارٹی کے حق میں زبردست نعرے بازی ہوئی، کراچی کے مختلف مقامات پر 21 کیمپز لگائے گئے جہاں قومی اور صوبائی امیدواروں کی سربراہی میں کارکنان موجود تھے اور ریلی کی آمد پر استقبال کرتے رہے اور پھر ریلیوں کی صورت میں مرکزی ریلی کے ساتھ شامل ہوئے، عظیم الشان ریلی کا آغاز سرجانی 4k چورنگی سے ہوا جو ڈسکو موڑ، انڈا موڑ، بفرزون پاور ہاوس، یو پی موڑ، ناگن چورنگی، شادمان، سخی حسن، فائیو اسٹار چورنگی، عزیز آباد مکا چوک اور مختلف علاقوں سے ہوتی ہوئی نمائش چورنگی پر اختتام پذیر ہوئی۔

، ریلی کے شرکائ سے خطاب کرتے ہوئے پی ایس پی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ 25 جولائی کو عوام اپنی تقدیر بدلنے کیلئے گھروں سے نکل کر پی ایس پی کے نامزد امیدواروں کو بھاری اکثریت سے کامیاب کر کے فرسودہ نظام، چوروں اور لٹیروں کا خاتمہ کر کے ملک کی تقدیر بدل دیں۔ 25 جولائی کا دن ڈولفن کا دن ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی نے پاک سر زمین پارٹی کے حق میں فیصلہ دے دیا ہے۔

25 جولائی کو صرف رسم ادا ہوگی عوام نے ہماری آواز پر لبیک کہہ دیا ہے اور ڈولفن پر مہر لگا کر عوام نئی صبح کا آغاز کریں گے۔ انشاء اللہ کراچی کو صرف 6 ماہ میں 2005 اور 2010 والا کراچی بنا دیں گے انہوں نے کہاکہ شاندار ریلی کے انعقاد پر کارکنان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ کم وسائل میں بہترین کیمپین چلانے پر شاباش دی،انہوں نے کہا کہ ہم دیگر جماعتوں سے پیسوں میں مقابلہ نہیں کر سکتے لیکن ہمارا جذبہ اور حب الوطنی ان سے بہت زیادہ ہے۔ ریلی میں سید مصطفیٰ کمال کا مختلف مقامات پر شاندار آتش بازی سے استقبال کیا گیا۔#

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں