کراچی ،عوام اسلام پسند اور محب وطن متحدہ مجلس عمل کو ووٹ دے کر کامیاب بنائیں،مولانا علی محمد ابو تراب

منگل 17 جولائی 2018 00:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 جولائی2018ء) متحدہ مجلس عمل کے مرکزی رہنما اور مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے نائب امیر مولانا علی محمد ابو تراب نے کہا ہے کہ ملکی حالات میں مثبت تبدیلی لانے کا موقع ہے عوام اسلام پسند اور محب وطن متحدہ مجلس عمل کو ووٹ دے کر کامیاب بنائیں۔ کراچی کے جلسے میں عوام کی بھر پور شرکت سے ملک دشمن قوتوں کو مایوسی ہوئی ، اسلام پسند ووٹ تقسیم کرنے کی سیاست مسترد کردیں۔

تمام مکاتب فکر کی نمائندہ جماعت متحدہ مجلس عمل ہے ، 25 جولائی کو کتاب کے نشان پر مہر لگا کر عوام انقلاب کا پہلا مرحلہ طے کرینگے۔ وہ گذشتہ روز مقامی ہوٹل میں مرکزی جمعیت اہل حدیث کراچی کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے ظہرانے سے خطاب کر رہے تھے۔ ظہرانے سے جے یو آئی (ف) کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل اسلم غوری ، مفتی یوسف قصوری ، مولانا عبد الکریم عابد ، ایم ایم اے کراچی صدر حافظ نعیم الرحمن ، مستقیم نورانی ، مولانا غوث بخش مہروی ، مولانا محمد سلفی ، مولانا ضیائ الرحمن مدنی ، مولانا ابراہیم طارق ، محمد اشرف قریشی ، مولانا افضل سردار ، قاری خلیل الرحمن جاوید ، مولانا عبد الوھاب سیٹھار ، مولانا یوسف کاظم ، مولانا محب اللہ اور دیگر نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

مولانا ابو تراب نے کہا کہ پاکستان میں دینی مقاصد کی تکمیل کے لئے دینی جماعتوں کا اتحاد ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ مساجد و مدارس اور علمائ کا تحفظ اور پاکستان کی نظریاتی سرحدوں اور اسلامی شناخت کی حفاظت بھی ملک کی مذہبی قوتوں کے اتحاد سے ممکن ہے ، انہوں نے کہا کہ مجلس عمل میں شریک جماعتوں نے ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لئے مل کر کام کرنے کا عزم کر رکھا ہے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اسلم غوری نے کہا کہ مولانا علی محمد ابو تراب کی بازیابی ہم سب کے لیئے خوشی و مسرت کا باعث ہے ، ان کی استقامت نے ثابت کیا کہ مذہبی قوتوں کو جبر و تشدد کے ذریعے ڈکٹیشن لینے پر مجبور نہیں کیا جا سکتا۔ مفتی یوسف قصوری نے کہا کہ محراب و منبر سے ان لوگوں کی حوصلہ شکنی کی جانی چاہئے جو صرف مذہبی ووٹ تقسیم کرنے کے لئے میدان میں کھڑے ہیں۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ 15 جولائی کے جلسے میں عوام کی بھر پور شرکت نے ہمیں حوصلہ دیا ہے۔ #

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں