پی آئی اے کے سی ای اوکی دعوت پر ایئر سفاری کے لیے گیا تھا ،ْ ڈی جی سول ایوی ایشن حسن بیگ کی وضاحت

منگل 17 جولائی 2018 16:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2018ء) ڈی جی سول ایوی ایشن حسن بیگ نے کہاہے کہ طیارہ ایئرسفاری پر لے جانے سے میرا کوئی تعلق نہیں، پی آئی اے کے سی ای اوکی دعوت پر ایئر سفاری کیلئے گیا تھا۔نانگا پربت کی ایئر سفاری کے حوالے سے ڈائریکٹر جنرل سی اے اے حسن بیگ نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ پی آئی اے نے کہا تھا کہ وہ ایئر سفاری شروع کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایئر سفاری کیلئے جانے والی پرواز پر میرے کوئی دوست نہیں تھے، اسکردو ایئر پورٹ پر مسافروں کی پریشانی کا نوٹس لیا ہے۔ڈی جی سی اے اے نے کہا کہ ذمہ داروں کے خلاف کارروائی ہوگی،اسکردو ایئرپورٹ پربد نظمی کی ذمہ دار پی آئی اے انتظامیہ ہے۔حسن بیگ نے کہا کہ مسافروں سے کہا ہے کہ میں بھی آپ کے احتجاج میں شامل ہوں،خط لکھ کرپی آئی اے انتظامیہ سے وضاحت مانگی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایئر لائنز کو ریگولیٹ اور مسافروں کے حقوق کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے۔ادھر پی آئی اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ موسم کی خرابی کے باعث فلائٹ میں تاخیر ہوئی ،ْہوسکتا ہے کہ موسم کی خرابی کا پیغام مسافروں تک پہنچ نہیں سکا ہو۔ترجمان پی آئی اے نے کہا کہ مسافروں کی دیکھ بھال میں جو کسر رہ گئی ہے اس پرمعذرت خواہ ہیں، تاہم مسافروں کو کسی قسم کا زرِتلافی نہیں ملے گا۔

واضح رہے کہ پی آئی اے کے حوالے سے خبر آئی تھی کہ ڈائریکٹر جنرل سی اے ا ے، پی آئی اے اپنے دوستوں کے ہمراہ پی آئی اے کا طیارہ لے کر نانگا پربت کی فضائی سیر کراتے رہے جبکہ اسکردو ایئرپورٹ پر مسافر پرواز کا انتظار کرتے رہے۔اس خبر کی وضاحت کرتے ہوئے ڈی جی سی اے اے اور پھر قومی ایئرلائن کی جانب سے وضاحتی بیان سامنے آیا۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں