ایف سی ایریا کے رہائشیوں کا ایم کیو ایم کے مرکز پر احتجاج ،قیادت کیخلاف نعرے بازی

ہمارے سروں سے چھت چھن رہی ہے اور ایم کیو ایم کی قیادت نے مکمل خاموشی اختیار کی ہوئی،مظاہرین ایف سی ایریا کے سرکاری کوارٹرز کے متاثرین نے ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز بہادر آباد پر دھاونہیںا بولا ،ترجمان کی تردید

منگل 17 جولائی 2018 18:46

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2018ء) ایف سی ایریا لیاقت آبادکے رہائشیوں نے ایم کیو ایم کے عارضی مرکز بہادر آباد پہنچ کر ایم کیو ایم کی قیادت کے خلاف نعرے بازی کی اور انتخابات کے بائیکاٹ سمیت ووٹ نہ دینے کی دھمکی دی۔ گزشتہ شب ایف سی ایریا لیاقت آبادکے رہائشی بڑی تعداد میں ایم کیو ایم کے عارضی مرکز بہادر آباد پہنچے اور سیدھے مرکز کے اندر چلے گئے جبکہ وہاں مو جود افراد انہیں اندر جانے سے روکنے کی کوشش کی لیکن ایف سی ایریا لیاقت آباد کے رہائشیوں نے ایم کیو ایم کی موجود قیادت کے خلاف خوب نعرے بازی کی اور کہا کہ ہم نے ہمیشہ ایم کیو ایم کا ساتھ دیا لیکن اب ہمارے سروں سے چھت چھن رہی ہے اور ایم کیو ایم کی قیادت نے مکمل خاموشی اختیار کی ہوئی ہمارے لئے کسی بھی فورم آواز نہیں اٹھائی ۔

(جاری ہے)

ہمارے بے گھر ہورہے ہیں اور ہمارے رہنماآرام کر رہے ہیں کسی کو ئی فکر ہی نہیں ہے اس موقع پر ایم کیو ایم کے ڈپٹی کنوینر کنور نودید جمیل آئے اور انہوں نے صورتحال کو کنٹرول کرنے کی کوشش کی لیکن مارٹن کوارٹر کے رہائیشوں نے ان کی ایک نہ سنی اورایم کیو ایم کی موجودہ قیادت کے خلاف شدید نعرے بازی شروع کردی اور انتخابات کا بائیکاٹ اور ایم کیو ایم کو ووٹ نہ دینے کے نعرے لگائے اور کہا کہ ایم کیو ایم ہمارے مطالبات پورے کرے۔

دوسری جانب ایم کیو ایم پاکستان کے ترجمان نے بعض چینلز اور سوشل میڈیا پر چلنے والی اس من گھڑت خبر کی سختی سے تردید کی ہے کہ ایف سی ایریا کے سرکاری کوارٹرز کے متاثرین نے ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز بہادر آباد پر دھاوا بولا اور توڑ پھوڑ کی۔ترجمان نے کہا کہ روز اول سے ایم کیو ایم مارٹن کوارٹر، پاکستان کوارٹر، کلیٹن کوارٹر، ایف سی ایریا وغیرہ کے سرکاری کوارٹرز کے رہائشیوں کے ساتھ ہے اور ایم کیو ایم کے وزرانے ہی ان متاثرین کے مسائل حل کرنے کے لیئے ایک دہائی قبل تاریخی اقدام اٹھایا تھا۔

آج جب عدالتی احکامات کے باعث انہیں مکانات سے بے دخل کرنے کی کوشش ہو رہی ہے تو بھی ایم کیو ایم پاکستان قانونی اور سیاسی حوالے سے ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ترجمان نے کہا کہ آج رات گئے کچھ متاثرین بہادرآباد آئے تو ان کی آمد کا سن کر رابطہ کمیٹی کے ذمہ داران انتخابی مہم منقطع کر کے دفتر آگئے اور ان کے ہمراہ گفت و شنید سے آگے کا لائحہ عمل طے کیا۔ جس سے میڈیا کو آگاہ کر دیا جائے گا۔ترجمان نے میڈیا سے بھی گذارش کی کہ وہ کسی بھی خبر کو نشر کرنے سے پہلے ایم کیو ایم پاکستان کا موقف لے کر اسے جاری کرے تو صحافتی اقدار کی پاسداری ہوگی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں