نگراں سندھ حکومت اور بیورو کریسی میں ٹھن گئی

سابق حکومت کے ترقیاتی منصوبوں پر نگراں حکومت اپنی تختیاں لگانا چاہتی تھی، چیف سیکریٹری سندھ نے ترقیاتی کاموں کے افتتاح اور تختیاں لگانے سے روک دیا،ذرائع

جمعرات 19 جولائی 2018 17:36

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2018ء) سندھ کی اعلی بیوروکریسی اور نگراں حکومت کے مابین ٹھن گئی،چیف سیکریٹری سندھ نے نگراں سندھ حکومت کو ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح اور نئی اسکیموں کی منظوری دینے سے روک دیا،چند روز کیلئے قائم کی جانے والی نگراں حکومت کی کابینہ میں شامل وزرا کے خواب چکنا چور اور امیدیں دم توڑ گئیں،انتہائی باوثوق ذرائع کے مطابق سندھ میں قائم ہونے والی نگراں حکومت کی کابینہ میں شامل بعض وزرا نے شہر کے ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کرکے اپنی تختیاں آویزاں کرنے کی کوششیں شروع کرر کھی ہیں،ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق سندھ حکومت کے دور میں شروع کئے جانے والے ترقیاتی کاموں پر نگراں حکومت اپنی تختیاں آویزاں کرنے کی خواہش مند ہے جس پر سندھ کی سیاسی جماعتوں سمیت اعلی بیوروکریسی میں سخت تشویش پائی جارہی ہے،ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف سیکریٹری سندھ نے اس کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے نگراں حکومت کو سابق سندھ حکومت کے ترقیاتی کاموں کے افتتاح اور تختیاں لگانے سے روک دیا ہے اور آگاہ کیا ہے کہ اگر تعمیراتی معیاد مکمل ہونے پر افتتاح کی ضرورت ہو تو اس کیلئے ضلع کے کمشنر کو درخواست دینی ہوگی،ذرائع کا کہنا ہے کہ نگراں حکومت میں شامل بعض اراکین غیر ضروری طور پر بیوروکریسی سے منصوبوں کی لاگت،اس کے حوالے سے دیگر معلومات حاصل کر رہے ہیں اوراس سلسلے میں گزشتہ روز بھی نگراں وزیر اعلی سندھ کی صدارت میں ایک اجلاس منعقد ہوا تھا جس میں بلخصوص شہر کے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا گیا تھا۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں