آئین کے مطابق انتخابات شفاف ہونے چاہئیں، رضا ہارون

انتخابات کی شفافیت کا دارومدار انتخابی سامان اور انتخابی عملے پر ہوتا ہے ایسا لگ رہا ہے موجودہ الیکشن ایک مخصوص طبقے کے لئے ہو رہے ہیں، عوام سید مصطفی کمال کو نجات دہندہ سمجھتے ہیں،سیکریٹری جنرل پی ایس پی

جمعہ 20 جولائی 2018 23:34

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 جولائی2018ء) پاکستان میں آئین کے مطابق انتخابات شفاف ہونے چاہئیں۔ جن افسران کی پولنگ اسٹاف کی حیثیت سے پوسٹنگ ہو رہی ہے ان کی سیاسی وابستگیاں ہیں، انتخابات کی شفافیت کا دارومدار انتخابی سامان اور انتخابی عملے پر ہوتا ہے لیکن یہ انتخابی سامان انہی افسران کے ہاتھ میں دیئے جانے کا خطرہ ہے جن کی سیاسی وابستگیاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم اشتہارات کی دوڑ میں تو شامل نہیں ہو سکتے کیونکہ ہم غریب متوسط طبقے کی جماعت ہیں۔ پیسے کی دوڑ میں غریب اور متوسط طبقے کے نمائندے انتخابی مہم سے باہر ہو چکے ہیں۔ جس طرح سے الیکشن میں پیسہ بہایا جا رہا ہے قانون میں لکھ دیا جانا چاہیے کہ نوکری پیشہ اور غریب طبقے سے تعلق رکھنے والی عوام الیکشن لڑنے کی زحمت نہ کرے۔

(جاری ہے)

ایسا لگ رہا ہے کہ موجودہ الیکشن ایک مخصوص طبقے کے لئے ہو رہے ہیں۔

عوام سید مصطفی کمال کو نجات دہندہ سمجھتے ہیں۔ ان خیالات اظہار سیکریٹری جنرل پی ایس پی رضا ہارون نے وائس چیئرمین وسیم آفتاب کے ہمراہ اندرون سندھ سے شمولیت اختیار کرنے والوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی مہم کے سلسلے میں روزانہ کی بنیاد پر سینکڑوں کارنر میٹنگز ہو رہی ہیں کارکنان پاک سرزمین پارٹی کا منشور گھر گھر پہنچا رہے ہیں۔

پاکستان میں آزمائے ہوئے لوگوں کو دوبارہ آزمانے سے کوئی تبدیلی نہیں آئے گی جو نمائندے عام آدمی کے مسائل کو جانتے ہی نہیں وہ اس کے مسائل حل کیسے کریں گی انہوں نے کہا کہ 2017 کی یونیسیف کی رپورٹ کے مطابق 53 ہزار بچے اس ملک میں جانبحق ہو گئے بچوں کی اموات کی وجہ صاف پانی کی عدم دستیابی تھی۔ جمہوریت کے چیمپیئن بننے والے بتائیں اس مسئلے کے حل کے لیئے کیا کیا۔

ان 53 ہزار بچوں کا قاتل کون ہے ان بچوں کو کسی دہشتگرد نے نہیں مارا کیا سابقہ حکمران ان بچوں کے قاتل نہیں ہیں انہوں نے کہا کہ جس ملک میں سابق وزیراعظم جیل میں کیا کھا رہا ہے یہ بھی خبر بنتی ہی وہاں بچے پیاسے مررہے ہیں ان کی آواز کوئی نہیں بن رہا۔ اس موقع پر الغوثیہ ویلفیئر ایسوسی ایشن نے پاک سر زمین پارٹی کی حمایت کا اعلان بھی کیا اور ساتھ ہی اندرون سندھ کے مختلف گاؤں سے تعلق رکھنے والے افراد نے پی ایس پی میں شمولیت کا اعلان بھی کیا۔#

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں