کراچی، ہمارے ووٹروں کو ڈرا دھمکا کر ناجائز اور غیر قانونی گرفتار کیا جا رہا ہے،نواب زادہ میر فہد بگٹی

ہفتہ 21 جولائی 2018 19:04

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جولائی2018ء) بگٹی قبیلے کے سردار نواب زادہ میر فہد بگٹی نے کہا ہے کہ ہمیں الیکشن سے دور رکھا جا رہا ہے ۔ 2013 ء کے الیکشن نہیں بلکہ سلیکشن میں بھی ہم نے صبر سے کام لیا ۔ ہمارے ووٹروں کو ڈرا دھمکا کر ناجائز اور غیر قانونی گرفتار کیا جا رہا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو کراچی پریس کلب میں بگٹی قبیلے کے عمائدین کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ ہم نقل و حرکت پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے ۔ ہم اپنے آبائی گاؤں نہیں جا سکتے ۔ جہاں سے ہم الیکشن لڑ رہے ہیں ، ہمیں وہاں پوسٹر اور جھنڈے تک نہیں لگانے دیئے جا رہے ۔ 70 سالہ تاریخ میں جتنے بھی الیکشن ہوئے ، ہمارے بزرگ نواب اکبر بگٹی ، نواب زادہ سلیم اکبر بگٹی ، سردار احمد نواز بگٹی الیکشن لڑتے اور جیتتے رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

ہم نے مختلف مواقع پر الیکشن کمیشن آف پاکستان کو اس ناانصافی پر تحریری طور پر آگاہ کیا ۔

مگر الیکشن کمیشن آگاہی کے باوجود تماشائی بنا بیٹھا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ امیدواروں کا سلیکشن ہو چکا ہے ، اس کی واضح مثال یہ ہے کہ وہ کھلے عام اپنے مسلح ساتھیوں اور ضلعی انتظامیہ کی سرپرستی میں دندناتے پھر رہے ہیں اور اپنی سلیکشن مہم جاری رکھے ہوئے ہیں ۔ دوسری جانب ہمارے قبائلی عمائدین اور ورکروں کو جس ڈر اور خوف میں رکھا ہوا ہے ، ان حالات میں ہم کام نہیں کر سکتے ۔

انہوں نے کہا کہ ہم الیکشن کمیشن اور نگران حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ہمارے آبائی صوبائی اور قومی حلقوں پر الیکشن منسوخ کیے جائیں اور حالات کی درستگی کرکے ہمیں ہمارے علاقوں میں جانے کی اجازت دی جائے تاکہ ہمارے لوگ آزادانہ طریقے سے صاف و شفاف الیکشن کا حصہ بن سکیں ۔ ورنہ یہ الیکشن نہیں سلیکشن ہوں گے ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں