کراچی، کراچی اسلام اور پاکستان سے محبت کرنے والوں کا شہر ہے، ڈاکٹر اسامہ رضی

یہ عاشقان رسول ؐ اور ناموس رسالتؐ کے محافظوں کا شہر ہے ،کراچی کا ماضی اسلام سے وابستہ ہے،حلقہ این اے 243سے مجلس عمل کے نامزد امیدوار

اتوار 22 جولائی 2018 22:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جولائی2018ء) جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر و حلقہ این اے 243سے مجلس عمل کے نامزد امیدوار ڈاکٹر اسامہ رضی نے کہا ہے کہ کراچی اسلام اور پاکستان سے محبت کرنے والوں کا شہر ہے ،یہ عاشقان رسول ؐ اور ناموس رسالتؐ کے محافظوں کا شہر ہے ،کراچی کا ماضی اسلام سے وابستہ ہے جس میں پروفیسر غفوراحمدؒ، محمود اعظم فاروقی ؒ ، شاہ احمد نورانی ؒ جیسی ہستی رہا کرتی تھیں ،مستقبل بھی اسلام سے ہی وابستہ رہے گا،کراچی کے عوام نے ہمیشہ سے مذہبی نمائندوں کو ووٹ دیا ہے اور 25جولائی کو بھی ایم ایم اے کے انتخابی نشان کتاب پر مہر لگاکر مجلس عمل کو کامیاب بنائیں گے ۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے گلشن اقبال یوسی 28میں کارنر میٹینگز سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں ڈاکٹر اسامہ رضی نے گلزار ہجری میں عوام سے ملاقاتیں کیں اور ایم ایم اے کا منشوراور پروگرام بھی پیش کیا۔اس موقع پر امیدوار صوبا ئی اسمبلی پی ایس 101 بابر قمر عالم ،اور دیگر بھی موجود تھے۔ڈاکٹر اسامہ رضی نے خطاب کرتے ہوئے مزیدکہاکہ ماضی میں کراچی کے عوام نے ایم کیوایم کو ووٹ دیے لیکن اس نے عوام کے مسائل حل کرنے کے بجائے عوام کا استحصال کیا ۔

آ ج کراچی مسائلستان بنا ہوا ہے ، مسائل کے حل کے لیے کسی بھی پارٹی نے آگے بڑھ کرکوئی اقدامات نہیں کیے لیکن الیکشن کے آتے ہی پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کو کراچی کے عوام کی یاد آگئی اور وہ لوگ جو کراچی کے مسائل تک نہیں جانتے وہ اب بھی کراچی سے الیکشن لڑرہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی نے اختیارات اور حکومت نہ ہونے کے باوجود بھی کراچی کے عوام کے مسائل حل کرائے اور ہم عوام کے ساتھ کھڑے رہے ، عوام بجلی ، پانی اور شناختی کارڈ کے مسائل کے حل کے لیے بلبلاتے رہے لیکن کسی نے ان کاساتھ نہیںدیا صرف جماعت اسلامی نے ان مسائل کے حل کے لیے آواز اٹھائی اور کراچی کے عوام کی ترجمان بنی ،جماعت اسلامی آئندہ بھی عوام کے مسائل حل کرنے کی جدوجہد کرتی رہے گی ۔

انہوں نے کہاکہ 25جولائی کا دن احتسا ب اور انقلاب کا دن ہے ،عوام ان لوگوں کا محاسبہ کریں جنہوں نے کراچی کو مسائلستان بنادیا اور اہل و دیانتدار قیادت کو سامنے لائیں جو کراچی کے اپنے ہیں اور کراچی کے مسائل حل کرنے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں ۔#

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں