قائم مقام گورنراور نگران وزیراعلی سندھ کی یوم آزادی کے موقع پر مزار قائد پر پرچم کشائی کی تقریب میں شرکت

قائم مقام گورنر سندھ اور وزیراعلی سندھ نے مزار قائد پرفاتحہ خوانی کی اور شجرکاری مہم کے تحت الگ الگ پودے بھی لگائے

منگل 14 اگست 2018 15:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2018ء) قائم مقام گورنر سندھ آغا سراج خان درانی اور نگران وزیراعلی سندھ فضل الرحمان نے منگل کو71ویں یوم آزادی کے موقع پر مزار قائد پر پرچم کشائی کی تقریب میں شرکت کی۔ نگران وزیراعلی سندھ فضل الرحمان کی مزار قائد آمد پر چیف سیکریٹری، آئی جی سندھ و نگران صوبائی کابینہ نے انکا استقبال کیا جبکہ قائم مقام گورنر سندھ آغا سراج خان درانی کا استقبال وزیراعلی سندھ نے اپنی کابینہ کے ہمراہ کیا۔

اس موقع پر ارکان نگران سندھ کابینہ، چیف سیکریٹری سندھ، آئی جی سندھ، کمشنر کراچی سمیت اعلی حکام بھی موجود تھے جبکہ سفارتکاروں، رٹائرڈ سول ملازمین، شہریوں، سول سوسائٹی کے لوگوں، اساتذہ و طلبا کی بڑی تعدادبھی موجود تھی۔

(جاری ہے)

دونوں رہنماں نے قومی پرچم لہرایا، بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے مزار پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھاکر فاتحہ خوانی کی۔

نگران وزیراعلی سندھ اور قائم مقام گورنر سندھ نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے مزار پر مہمانوں کے کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کیے۔ گورنر سندھ اور وزیراعلی سندھ کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔ گورنر اور وزیراعلی سندھ نے قومی ترانے کی گونج پر پرچم کشائی تقریب کا افتتاح کیا اورمزار پر موجود اسکولوں کے طلبا سے ملی نغمے سنے اور جشن آزادی کی مبارکباد دی۔

صحافیوں سے گفتگو میں نگران وزیراعلی سندھ نے کہا کہ 71ویں یوم آزادی کے موقع پر مزار قائد پر حاضری دے کر بانی پاکستان کو خراج عقیدت پیش کرنے آئے ہیں، قائد اعظم کی تعلیمات پر عمل کرکے ملک کو فلاحی ریاست بنانا چاہتے ہیں۔ بعد ازاں قائم مقام گورنر سندھ اور وزیراعلی سندھ نے مزار قائد پر شجرکاری مہم کے تحت الگ الگ پودے بھی لگائے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں