سندھ اسمبلی میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے عہدوں کے لئے انتخاب (کل ) ہوگا

پیپلزپارٹی کے آغا سراج درانی ،ریحانہ لغاری اور مشترکہ اپوزیشن کے جاوید حنیف اور رابعہ اظفر مدمقابل ہوں گے

منگل 14 اگست 2018 19:05

سندھ اسمبلی میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے عہدوں کے لئے انتخاب (کل ) ہوگا
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2018ء) سندھ اسمبلی میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے عہدوں کے لئے انتخاب کل بدھ کو ہوگا دونوں عہدوں کے لئے چار امیدوار میدان میں ہیں قائم مقام گورنر نے اسپیکر ڈپٹی اسپیکر کے الیکشن کے لئے پیپلزپارٹی کے میر نادر مگسی کو پریزائیڈنگ افسر مقرر کردیا ہے تفصیلات کے مطابق پندرہویں سندھ اسمبلی کے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے عہدوں پر انتخاب آج سندھ اسمبلی بلڈنگ میں ہونگے قائم مقام گورنر آغا سراج درانی کی جانب سے پیپلزپارٹی کے میر نادر مگسی کو پریزائیڈنگ افسر مقرر کیا ہے کیونکہ آغا سراج درانی خود اسپیکر کے عہدے کے لئے امیدوار ہیں اور اسمبلی قواعد کے مطابق اسپیکر یا ڈپٹی اسپیکر کے عہدے کے لئے امیدوار اجلاس کی صدارت نہیں کرسکتا۔

(جاری ہے)

دونوں عہدوں کے لئے چار امیدوار میدان میں ہیں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے لئے کاغزات نامزدگی منگل کو سکریٹری اسمبلی کے پاس جمع کرائے گئے تھے متحدہ اپوزیشن کے جاوید حنیف اسپیکر اور رابعہ اظفر ڈپٹی اسپیکر کی جبکہ پیپلزپارٹی کی طرف سے آغا سراج درانی اسپیکر اور ریحانہ لغاری ڈپٹی اسپیکر کے عہدے کے لئے امیدوار ہیں۔ پیپلزپارٹی کو متحدہ اپوزیشن کے امیدواروں پر واضح عددی برتری حاصل ہے۔

پیپلزپارٹی کے سندھ اسمبلی میں چھیانوے ارکان ہیں جن میں سے چورانوے ارکان نے اسمبلی رکنیت کا حلف لے لیا ہے ایم کیوایم کے اکیس میں بیس ارکان جبکہ پی ٹی آئی کے تیس میں سے انتیس ارکان نے حلف لے لیا ہے جبکہ جی ڈی اے کے تیرا اراکین ہیں جو تمام حلف لے چکے ہیں تحریک لبیک پاکستان کے پاس سندھ اسمبلی میں تین نشستیں ہیں ایم ایم اے کا ایک رکن ہے سیکریٹری سندھ اسمبلی کے مطابق چاروں امیدواروں کے کاغذات نامزدگی پر کسی رکن کی جانب سے مقررہ وقت میں کوئی اعتراض داخل نہیں کرایا گیا تھا۔

جس کے بعد چاروں کے کاغذات منظور کرلئے گئے تھے۔ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے عہدوں کے لئے پولنگ سندھ اسمبلی بلڈنگ میں ہوگی اسمبلی کے اجلاس کی صدارت پریزائیڈنگ افسر میر نادر مگسی کرینگے اجلاس کا وقت صبح دس بجے مقرر کیا گیا ہے۔ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب خفیہ رائے شماری کے تحت ہوگا۔ اسمبلی قواعد کے تحت اپوزیشن اور ارکان اسمبلی قواعد کے تحت کسی بھی عہدے کے لئے اگر دونوں امیدواروں کے حاصل کردہ ووٹ برابر نکلے تو ووٹنگ دوبارہ ہوگی اور ووٹنگ کا عمل اس وقت تک دہرایا جائیگا جب تک کسی ایک امیدوار کو اپنے مد مقابل امیدوار کے مقابلے میں واضح برتری حاصل نہ جائے۔

اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے موقع پر سندھ اسمبلی میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے جائینگے سیکریٹری سندھ اسمبلی عمر فاروق برڑو نے نو منتخب ارکان اسمبلی اور میڈیا کے علاوہ تمام پاسز منسوخ کردئیے ہیں۔ زرائع کا کہنا ہے کہ پاسز کی منسوخی سیکورٹی خدشات کی بنا پر کی گئی ہے تاہم سیکریٹری اسمبلی کا کہنا ہے کہ پاسز کی منسوخی اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کی وجہ سے کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ پیر کے روز سندھ اسمبلی کے افتتاحی اجلاس میں شدید بدنظمی دیکھنے میں آئی تھی بڑی تعداد میں مہمانوں کی آمد کی وجہ سے سندھ اسمبلی کے اطراف بدترین ٹریفک جام دیکھنے میں آیا تھا جس سے نو منتخب ارکان کو دشواری کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ میڈیا نمائندوں کو اپنے فرائض کی انجام دہی میں مشکلات پیش آئی تھیں۔ تمام تر صورتحال پر ایم کیوایم کے رکن اسمبلی اور سابق قائد حزب اختلاف خواجہ اظہار الحسن نے شدید اعتراض کرتے ہوئے صورتحال کو افسوسناک قرار دیا تھا۔ اور معاملہ ایوان میں اٹھانے کا عندیہ بھی دیا تھا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں