آرٹس کونسل کراچی کے زیر اہتمام جشن آزادی فیسٹول کی افتتاحی تقریب

منگل 14 اگست 2018 20:06

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2018ء) آرٹس کونسل کراچی کے زیر اہتمام جشن آزادی فیسٹول کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق صوبائی وزیر سندھ و نومنتخب ممبر سندھ اسمبلی ناصر حسین شاہ نے کہا کہ پاکستان کروڑوں دلوں کی دھڑکن ہے اور ہم سب کی دعا ہے کہ پاکستان ہمیشہ قائم و دائم رہے اور ترقی کرتا رہے۔انہوں نے آزادی فیسٹول کی پر وقار تقریب کے انعقاد پر محمد احمد شاہ کو سراہا اور کہا کہ آرٹس کونسل کراچی کے زیر اہتمام جشن آزادی کی تقریبات منفرد ہوتی ہیں جو قابل ستائش اقدام ہے۔

جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق نو منتخب ممبر صوبائی اسمبلی سید سردار علی شاہ نے کہا کہ یہ وطن عظیم قربانیوں کے بعد حاصل کیا گیا اور اس کے پیچھے بہت سے خواب اور وعدے ہیں جنہیں ہم سب نے مل کر پورا کرنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس ملک کو ہم سب کو مل کر ساتھ میں لے کر چلنا ہوگا اور ہم امید کرتے ہیں کہ ہمارے حکمران اور عوام دونوں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ چل کر پاکستان کو کامیابیوں سے ہمکنار کریں گے۔

آرٹس کونسل کراچی ہر سال آرٹ اور کلچر کے ذریعہ ملک سے محبت کا اظہار کرتا ہے اور گزشتہ سال کی طرح اس برس بھی جشنِ آزادی کے موقع پر منفرد انداز میں اپنے ملک سے محبت کا اظہار کیاجا رہا ہے۔ صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کہا کہ 14اگست کا دن ایک تاریخ ساز دن ہونے کے ساتھ ساتھ ہمارے لیے عید کے دن سے کم نہیں، اس ملک کے 20کروڑ لوگوں کے لیے آزادی کا یہ دن سب سے بڑی عید کا دن ہے کہ جس دن اس عظیم مملکت پاکستان کا قیام عمل میں آیا۔

انہوں نے کہا کہ آرٹس کونسل کراچی 13 اگست کی رات کو آزادی کی اسی خوشی کا رنگ مزید دوبالا کرنے کے لیے ہر سال اس رنگا رنگ تقریب کا انعقاد کرتا ہے تاکہ جشن آزادی کے اس پر مسرت موقع پر شہر بھر کے عوام ان خوشگوار لمحات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے سکیں۔’’آزادی فیسٹول 2018ء‘‘ کی تقریبات کا آغاز رات 8 بجے کیا گیا جبکہ رات 12بجے قومی ترانے کے ساتھ پرچم کشائی کی تقریب ہوئی اور ملک کی سالگرہ کا کیک کاٹا گیا۔

بعد ازاں آرٹس کونسل کی نو تعمیر شدہ عمارت کی چھت سے شہر کے سب سے بڑے آتش بازی کے دلفریب مظاہرے نے حاضرین محفل کے دلوں کو موہ لیا۔ اس موقع پر نو منتخب ممبر صوبائی اسمبلی قاسم سومرو سیکریٹری آرٹس کونسل کراچی پروفیسر اعجاز فاروقی، پروفیسر سحر انصاری، گورننگ باڈی کے اراکین اقبال لطیف، قدسیہ اکبر، بشیر سدوزئی، اسجد بخاری، کاشف گرامی، سید سعادت حسن جعفری، عبدالمجید ابدانی سمیت ملک بھر کی نامور سیاسی ،سماجی اور ادبی شخصیات موجود تھیں۔

ملک کے معروف نوجوان گلوکار عا صم اظہر نے کنسرٹ پرفارم کیا اور آزادی کے رنگ بکھیرے۔ عاصم اظہر نے مشہور زمانہ ملی نغمے ’’ہے جذبہ جنون‘‘ اور ’’ہے کوئی ہم جیسا‘‘ سمیت دیگر نغمے پیش کئے اور کنسرٹ کے اختتام پرحاضرینِ محفل کے ساتھ قومی ترانہ پڑھا۔ تقریب میں سینئر گلوکار محمد افراہیم نے بھی سروں سے سماں باندھا اور مشہور ملی نغمہ ’’زمیں کی گود رنگ سے امنگ سے بھری رہے‘‘ پیش کیا۔ سینئر آرٹسٹ غلام،عباس، تاج مستانی ، عمران جاوید اور طفیل سنجرانی سمیت آرٹس کونسل میوزک اکیڈمی کے باذوق نوجوان گلوکاروں نے قومی نغمے گنگنائے۔فیسٹول میں بچوں کے لیے فیس پینٹنگ کا بھی اہتمام کیا گیا تھا جبکہ بڑے پیمانے پر فوڈسٹالز بھی لگائے گئے تھے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں