شہر قائد میں جشن یوم آزادی قومی جوش و جذبہ کے ساتھ منایا گیا

مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی، بانی پاکستان کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے قائم مقام گورنر، نگراں وزیراعلی، مسلح افواج کے نمائندوں کی مزار قائد پر حاضری اور پھولوں کی چادریںچڑھائیں

منگل 14 اگست 2018 23:15

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2018ء) ملک کی دیگر حصوں کی طرح شہر قائد میں 71 واں یوم آزادی منگل کو ملی جوش و جذبے سے منایا گیا۔ قائم مقام گورنر سندھ آغاسراج درانی، نگراں وزیر اعلی سندھ فضل الرحمن ، سندھ کے نگراں کابینہ کے ارکان ،ڈی جی رینجرز (سندھ) میجر جنرل سعید ، مخلتف سیاسی ومذہبی جماعتوں، طلباء اور شہریوں کے بڑی تعداد نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کو خراج عقید ت پیش کرنے کے لئے ان کی مزار پر حاضری دی، پھولوں کی چادریں چڑھائیں اور فاتحہ خوانی کی۔

شہر میںمختلف یونیورسٹیز اور دیگر تعلیمی اداروں، کراچی پریس کلب،آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی ، پاکستان رینجرزسندھ کے ہیڈکوارٹرز، سیکٹرز ، کراچی پورٹ ٹرسٹ، نیشنل بینک ، مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کی جانب سے پرچم کشائی اور یوم آزادی کے حوالے سے تقاریب کا انعقاد کیا گیا، جن میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

دن کا آغاز ملک کی ترقی و سالمیت کے لئے نماز فجر کے بعد خصوصی دعاؤں اور 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔

پاک بحریہ میں پاکستان کا 71 واں یوم آزادی روایتی جوش و جذبے سے منایا گیا۔ پاکستان کے 71 ویں یوم آزادی کے موقع پر بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پرتبدیلی گارڈ کی ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس کے ایک چاق و چوبند دستے نے روایتی جذبے اور جوش و خروش کے ساتھ مزار قائد پر اعزازی گارڈ کے فرائض سنبھالے۔

کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی کموڈور وقار محمد اس موقع پر تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ مہمان خصوصی اور نیول اکیڈمی کے چاق و چوبند کیڈٹس نے بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کو سلامی پیش کی۔ بعد ازاں ،کمانڈنٹ نیول اکیڈمی نے پاک بحریہ کے سربراہ ، افسران اور جوانوں کی جانب سے مزار قائد پر پھولوں کی چادر چڑھائی ۔پاکستان ایئر فورس کے سودرن ایئر کمانڈ کراچی مین پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی۔

ایئر وائس مارشل احسن رفیق تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ اس موقع پر انہوں نے چیف آف ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان کا پیغام پڑھ کر سنایا۔ پاکستان رینجرز (سندھ) کے ہیڈکوارٹرز، تمام سیکٹرز اور ونگ ہیڈکوارٹرز میں پرچم کشائی کی پروقار تقاریب منعقد کی گئیں۔ رینجرز کے چاق و چوبند دستوں نے قومی پرچم کو سلامی پیش کی۔ قائم مقام گورنرسندھ آغا سراج درانی، نگراں وزیر اعلیٰ فضل الرحمن ، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا ، میئر کراچی وسیم اختر نے بھی مزار قائد پر حاضری دی اور مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی ۔

کراچی پورٹ ٹرسٹ کی انتظامیہ نے یوم آزادی کے حوالے سے پرچم کشائی سمیت مختلف پروگرام منعقد کئے۔ نیشنل بینک آف پاکستان کے ہیڈ آفس میں بینک کے صدر سعید احمد نے پرچم کشائی کی۔میزان بینک کی جانب سے یوم آزادی کا جشن الہ دین پارک گلشن اقبال میں منایا گیا۔وفاقی اردو یونیورسٹی نے پاکستان کے 71 ویں یوم آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی تقریب منعقد کی جس میں یونیورسٹی کے چانسلر ڈاکٹر ایس الطاف حسین ، اساتذہ اور طلباء کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔

کراچی پریس کلب، آرٹس کونسل کراچی، اور کراچی یونین آف جرنلسٹس نے بھی یوم آزادی کے حوالے سے کیک کاٹنے کے تقاریب منعقد کیں جس میں صحافیوں اور شوبز کے علاوہ مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے رہنماؤں سیمت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔اقرا یونیورسٹی کے زیر اہتمام یوم آزادی کے موقع پر جشن آزادی کی تقریب منعقد ہوئی جس میں نامزد گورنرسندھ عمران اسماعیل نے شرکت کی۔

تقریب کا آغاز پرچم کشائی اور قومی ترانہ پڑھنے سے ہوا۔ یوم آزادی کے موقع پر کراچی میں شہریوں کا جوش وجذبہ دیدنی تھی ، عوام نے جہاں ایک طرف اپنی گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں پر قومی پرچم لگانے کے علاوہ قومی پرچم کے رنگ کی شرٹس اور کپڑے بھی زیب تن کئے ہوئے تھے۔تمام سرکاری و غیر سرکاری عمارتوں کو برقی قمقموں سے سجایا گیا تھا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں