جماعت اسلامی کا ترکی پر اقتصادی پابندیاں عائد کرکے معاشی گھیرائو کرنے پراظہار تشویش

عالم اسلام امریکا کا غرور ختم کرنے کیلئے اس مشکل گھڑی میں ترکی کی مدد کرے ،ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی

جمعرات 16 اگست 2018 18:29

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اگست2018ء) امیرجماعت اسلامی سندھ ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے امریکہ کی جانب سے ترکی پر اقتصادی پابندیاں عائد کرکے معاشی گھیرائو کرنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے ترکی کیخلاف کھلم کھلا اقتصادی جنگ قرار دیا ہے اور عالم اسلام پر زور دیا ہے کہ وہ ترکی کیخلاف امریکہ کی اقتصادی جنگ کا نوٹس بلکہ امریکہ کا غرور ختم کرنے کیلئے اس مشکل گھڑی میں ترکی کی مدد کریں۔

ترکی سے لین دین ڈالر کی بجائے مقامی کرنسی میں کریں، ڈالر کی عالمگیر بالادستی پوری دنیا کی معیشت کیلئے خطرے کی مسلسل لٹکتی ہوئی تلوار ہے، ڈالر کی بالادستی کے خاتمے سے دنیا کی معیشت امریکہ کے دسترس سے آزاد ہوسکتی ہے اسلئے یہ پوری دنیا کے مفاد کی جنگ ہے اس میں دوسرے ممالک کو بھی ترکی کا ساتھ دینا چاہئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے آج ایک بیان میں مزید کہا کہ ترک حکومت خاص طور پر صدر رجب طیب ایردوان کی پارٹی اور حکمرانی کیخلاف امریکہ عرصہ دراز سے سازشوں میں مصروف عمل ہے جس میں جرمنی، فرانس ، برطانیہ اور دیگر یورپی ممالک بھی اس کے ہم رکاب ہیں، ایک طرف ترکی نیٹو اتحادی ہے تو دوسری جانب مغربی ممالک اپنے نیٹو اتحادی حکومت کیخلاف مسلسل اپنے گھنائونے عزائم کی تکمیل کیلئے کوششوں میں مصروف عمل ہیں، صدر رجب طیب ایردوان کی حکومت کیخلاف ناکام فوجی بغاوت اور گولن تحریک کے پس پردہ بھی امریکی اور یورپی ہاتھ ہے ،فتح اللہ گولن کو ترک حکومت کے حوالے نہ کرنا بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے، انقرہ میں ایک پادری جو ترک حکومت کیخلاف جاسوسی میں ملوث تھا اس کی گرفتاری کے بعد امریکہ کی جانب سے ترکی پر معاشی پابندیاں، اسٹیل مصنوعات پر دہرا ٹیکس عائد کرنا دراصل ترک حکومت کو عالم اسلام خصوصاً فلسطین اور غزہ کے مظلوم مسلمانوں کی مدد اور حمایت کرنے کی سزا ہے۔

ترکی نہ صرف ہمارا برادر اسلامی ملک ہے بلکہ اس نے ہر موقع پر عالم اسلام کی نمائندگی کا حق ادا کیا ہے اور مظلوموں کی آواز ثابت ہوا ہے۔دنیا کی تاریخ گواہ ہے کہ امریکہ نے ہمیشہ اپنے مفادات کو ترجیح دی ہے آج ترکی اس کے ناروا سلوک کا نشانہ بنا ہے کل کسی اور ملک کی باری بھی آسکتی ہے، یہ صورتحال پوری دنیا کیلئے تشویش ناک ہے،خدانخواستہ آج اگر ترکی امریکہ کا یہ حربہ توڑنے میں کامیاب نہ ہوا تو امریکہ کے عزائم مزیدبڑھ جائیں گے اسلئے یہ وقت ہے کہ دنیا ڈالر کے معاشی تسلط کیخلاف اٹھ کھڑی ہو اور اس جنگ میں ترکی کا ساتھ دے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں