ایکزونوبل پاکستان کا نیشنل پاور پارکس مینجمنٹ کے ساتھ تعاون

حفاظتی کوٹنگز کی بدولت گیس ٹربائن کا فولادی ڈھانچہ 60 منٹ تک آتشزدگی سے محفوظ رہے گا

جمعہ 17 اگست 2018 17:01

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2018ء) ایکزونوبل پاکستان نے حویلی بہادر شاہ پاور پلانٹ میں گیس ٹربائن کے فولادی ڈھانچے پر حفاظتی کوٹنگز کر کے پاکستان میں توانائی کے شعبے میں اپنی خدمات بڑھا دی ہیں۔ حویلی بہادر شاہ پاور پلانٹ کے آپریشنز کا حال ہی میں آغاز کیا ہے جس سے نیشنل گرڈ میں 1230 میگا واٹ اضافی بجلی آئے گی جس سے پاکستان میں 25 لاکھ افراد کو فائدہ ہوگا۔

مختلف اقسام کے پینٹس اور کوٹنگز کی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ایکزونوبل پاکستان نے 12 ہزار اسکوائر میٹرز کے رقبہ پر محیط پلانٹ میں گیس ٹربائن کے فولادی ڈھانچے کو آتشزدگی سے محفوظ رکھنے کے لئے حفاظتی کوٹنگز کی ہیں۔ ایکزونوبل کی حفاظتی کوٹنگز وسیع اقسام کے بین الاقوامی پینٹس کے پورٹ فولیو پر مشتمل ہے جو مختلف صنعتوں میں فولادی ڈھانچوں سے متعلقہ ضروریات پوری کرتا ہے۔

(جاری ہے)

اس پلانٹ میں ایکزونوبل کے سندیافتہ اور انتہائی تربیت یافتہ افراد کی نگرانی میں انتہائی مہارت یافتہ فائر پروٹیکشن اور اینٹی کوریژن ٹیکنالوجیز فولادی ڈھانچوں پر رنگ کے لئے استعمال کی گئیں۔ یہاں کوٹنگ سسٹم کی پوری رینج بشمول انٹرچار (Interchar) فراہم کی گئی ہے، یہ بھرپور کوٹنگ 60 منٹ تک آتشزدگی سے حفاظت کرتی ہے۔ اسی طرح اعلیٰ معیار کا پگمنٹڈ زنک انٹرزنک (Interzinc)کی بدولت کیمیکل سے پینٹ کی خرابی بہترین انداز سے روکتی ہے۔

اس کے علاوہ ایم آئی او سے تیار ہونے والا درمیانی کوٹ انٹرگارڈ (Intergard) کیمیکل سے خرابی روکنے کے لئے استعمال ہوتا ہے۔ اسی طرح انٹرتھین (Interthane) الٹرا وائلٹ کی روک تھام اور ٹاپ کوٹ کی چمک برقرار رکھتا ہے۔ ایکزونوبل پاکستان میں کوٹنگز کے بزنس منیجر سید اسماعیل حسین نقوی نے کہا، "توانائی کے موجودہ بحران کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ یہ پروجیکٹ پاکستان میں توانائی کے اگلے مستقبل کے منصوبوںکے لئے محفوظ اور مستحکم آپریشنز کے لئے معیار قائم کرے گا۔

ایکزنوبل پاکستان ملک میں پائیدار اور قابل بھروسہ انداز سے توانائی کی پیداوار کیلئے نیشنل پاور پارکس مینجمنٹ کمپنی لمیٹڈ (این پی پی ایم سی ایل) کے ساتھ تعاون کررہا ہے۔ عالمی سطح کا تجربہ رکھنے والی کمپنی کے طور پر ہم ملک میں توانائی کے منصوبوں میں سہولت فراہم کرنے کی استعداد رکھتے ہیں ۔ ہم ایسے اداروں کو تعاون فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہیں جو پاکستانیوں کی معیار زندگی بہتر بنانے کے لئے کام کررہے ہیں۔

" نیشنل پاور پارکس مینجمنٹ کے پروجیکٹ ڈائریکٹر دھن پت کوٹاک نے کہا، "مجھے اس بات کا اعلان کرنے پر فخر ہے کہ حویلی بہادر شاہ پاور پلانٹ ملک میں 25 لاکھ لوگوں کی ضروریات پوری کررہا ہے۔ ہم اس پروجیکٹ کیلئے ایکزونوبل پاکستان کے ساتھ اشتراک پر خوش ہیں۔ یہ پلانٹ پاکستانیوںکی زندگی میں مثبت تبدیلی لائے گا اور اس کی بدولت ہم کو بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے مشہور قامل بھروسہ پارٹنر کی معاونت حاصل ہوگی ۔" اس پلانٹ کے آپریشنل ہونے سے توقع ہے کہ ملک میں توانائی کی فراہمی بہتر ہوگی اور ایکزونوبل پاکستان کو اس منصوبے کا حصہ بننے پر فخر ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں