تعلیم کو پرائیوٹ اسکول انتظامیہ نے قید کر لیا ہے ،آزاد کرانا ہوگا :جان محمد بلوچ

جمعہ 17 اگست 2018 18:47

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2018ء) چیئرمین بلدیہ ملیر جان محمد بلوچ کی ہدایت پر 71 ویں یوم آزادی کے موقع پربلدیہ گرلز اینڈ بوائز پرائمری اسکول دائود گوٹھ میں محکمہ ایجوکیشن بلدیہ ملیر نے جشن آزادی تقریبات کا انعقاد کیا تقریب میں چیئرمین بلدیہ ملیر جان محمد بلوچ ، میونسپل کمشنر عمران اسلم ، چیئرمین تعلیم کمیٹی سعید خان افغان ، یوسی وائس چیئرمین لیاقت بلوچ، ڈائریکٹر ایجوکیشن واثق ظفر کے ہمراہ شریک ہوئے،تقریب میں طلبا و طالبات نے قومی ترانے ، تقاریری مقابلے ، ملی نغمے اور ٹیبلوں پیش کئے ، مہمان خصوصی چیئرمین بلدیہ ملیر جان محمد بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزادی عظیم ترین نعمت ہے ، آزادی کی قدرو قیمت وہی جان سکتا ہے جو قید و بند کی صعبتیں جھیل چکا ہو، جشن آزادی کی یہ تقریب بلدیہ سرکاری اسکول میں منعقد کی گئی ہے، اس اسکول میں بچوں کو مفت تعلیم دی جارہی ہیں ، کتابیں بھی مفت فراہم کی جاتی ہیں ،تعلیم کو پرائیوٹ اسکول انتظامیہ نے قید کر لیا ہے، تعلیم کو پرائیوٹ اسکول انتظامیہ سے آزاد کرانا ہوگا ، یہ تب ہی ہوسکتا ہے جب سرکاری اسکولوں کے اساتذہ بہترین تعلیم فراہم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں ، اساتذہ کی محنت و لگن ہی تعلیم کو آزاد کراسکتی ہے، غریب و متوسط گھرانے کے بچے سرکاری اسکولوں میں ہی داخل کرائے جاتے ہیں ، سرکاری اسکولوںکے اساتذہ کو اپنی ذمہ داری ایمانداری سے ادا کرنی ہوگی ، جب ہی تعلیم آزاد ہوگی، جشن آزادی کی شاندار تقریب کے انعقاد پر ڈائریکٹر ایجوکیشن ، ڈائریکٹر انفارمیشن اور ان کی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے،بعد ازاں تقریب میں ملک بلخصوص بلدیہ ملیر کی تعمیر و ترقی کیلئے دعا کی گئی ،اسکولوں کے بچوں میں مٹھائی ، جوس ، بیجز ، تحائف ، پاکستانی پرچم ، اسکول اساتذہ اور طلبا و طالبات میں اسناد بھی تقسیم کی گئیں، بلدیہ ملیر انتظامیہ کی جانب سے جشن آزادی کے موقع پر اسکولوں میں واٹر ڈسپنسر بھی فراہم کئے گئے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں