پارٹی سیکرٹریٹ ’’انصاف ہائوس‘‘ میں ’’وزیر اعظم عمران خان‘‘ کے نعرے، آتش بازی اور مٹھائیوں کی تقسیم

پی ٹی آئی تو خوشیاں منا ہی رہی ہے، پورا ملک اس وقت وزیر اعظم عمران خان کی جیت سے خوش ہے،فردوس شمیم نقوی

جمعہ 17 اگست 2018 22:15

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2018ء) پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر و رکن صوبائی اسمبلی فردوس شمیم نقوی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف اب صحیح معنوں میں پورے ملک میں تبدیلی لائے گی۔ ہم چیئرمین عمران خان کو پاکستان کا وزیر اعظم منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے یہ باتیں پارٹی سیکرٹریٹ ’’انصاف ہائوس‘‘ کراچی میں منائے جانے والے جشن کے موقعے پر اپنے خصوصی بیان میں کہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پوری قوم کو چیئرمین عمران خان سے امیدیں ہیں۔ تحریک انصاف چیئرمین عمران خان کی قیادت میں اس منزل تک پہنچی ہے۔ ملک میں سب سے بڑی سیاسی جماعت پاکستان تحریک انصاف ہے۔ ملک کے سب سے بڑے لیڈر چیئرمین عمران خان ہیں ۔ چیئرمین عمران خان کا ملک پر حکومت کرنے کا انداز ہر گزشتہ حکمران سے مختلف ہوگا۔

(جاری ہے)

ملک میں جاری لوٹ کھسوٹ، رشوت، اقربا پروری اور بدعنوانی کا خاتمہ کریں گے۔

تحریک انصاف تو خوشیاں منا ہی رہی ہے۔ پورا ملک اس وقت چیئرمین عمران خان کی جیت سے خوش ہے۔ پورے ملک کے عوام جانتے ہیں کہ عمران خان ملک کے عوام سے مخلص ہیں۔ وہ ایک سچے لیڈر اور قابل تقلید رہنما ہیں۔وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان فقید المثال ترقی کرے گا۔ چیئرمین عمران خان کی جیت کا اعلان ہوتے ہی پارٹی سیکرٹریٹ ’’انصاف ہائوس‘‘ کراچی میں پی ٹی آئی کے کارکنان نے عمران خان کے حق میںفلک شگاف نعرے لگائے۔ ’’انصاف ہائوس‘‘ کراچی ’’وزیر اعظم عمران خان‘‘ کے نعروں سے گونج اٹھا۔ پی ٹی آئی کے رہنمائوں نے مٹھائیاں تقسیم کیں اور آتش بازی بھی کی گئی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں