پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں سرمایہ کاروں کی نئی سرمایہ کاری میں دلچسپی محدود، گزشتہ ہفتے مندی غالب رہی

کے ایس ای100انڈیکس 395پوائنٹس کی کمی سی42446.62کی سطح پر آگیا جبکہ سرمایہ کاروں کی61ارب70کروڑروپے سے زائد ڈوب گئے

اتوار 19 اگست 2018 14:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2018ء) نئی حکومت کی تشکیل کے باعث ملک میں سیاسی استحکام کے باجود معاشی لحاظ سے ملک کو درپیش چیلنجز اور کمپنیوں کے مالیاتی نتائج توقعات کے مطابق نہ آنے پرپاکستان اسٹاک ایکس چینج میں سرمایہ کاروں کی نئی سرمایہ کاری میں دلچسپی محدود رہی جس کی وجہ سے گزشتہ ہفتہ مندی غالب رہنے سے کے ایس ای100انڈیکس 395پوائنٹس کی کمی سے 42842سے گھٹ کر42446.62کی سطح پر آگیا جب کہ مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت میں بھی 61ارب70کروڑ24لاکھ روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی ۔

حصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری حجم بھی مایوس کن رہا۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتہ یوم آزادی پر تعطیل کے باعث چار روز پر مشتمل تھا جس کے پہلے روز مندی دیکھنے میں آئی اور حصص کی فروخت کے غالب رجحان کے باعث کے ایس ای100 انڈیکس42800 اور42700کی نفسیاتی حدوں سے گرتے ہوئی204.59پوائنٹس کمی سی42637.59پوائنٹس کی سطح پر آگیا جب کہ مجموعی طور پر60.42فیصد حصص کی قیمتوں میںکمی ریکارڈ کی گئی جس سے مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت میں36ارب21کروڑ71لاکھ روپے سے زائدکی کمی ہوئی اور حصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری حجم بھی گذشتہ ٹریڈنگ سیشن کی نسبت34.72فیصدکم رہا۔

(جاری ہے)

اسی طرح ایک روزہ تعطیل کے بعد بدھ کو بھی اتارچڑھائو کا سلسلہ دیکھنے میں آیا لیکن مجموعی طور مندی غالب آگئی اور کے ایس ای100 انڈیکس 42600 اور42500کی نفسیاتی حدوں سے گرتے ہوئے مزید 191.03پوائنٹس کمی سی42446.56پوائنٹس کی سطح پر آگیا جب کہ حصص کی فروخت کا دباؤ بڑھنے کے سبب 65.74فیصد حصص کی قیمتوں میںکمی ریکارڈ کی گئی جس سے سرمایہ کاروں کو24ارب64کروڑ7لاکھ روپے سے زائدکے نقصان کا سامنا کرنا پڑااور حصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری حجم بھی گذشتہ ٹریڈنگ سیشن کی نسبت11فیصدکم رہااسی طرح جمعرات کوبھی مندی چھائی رہی اور انڈیکس42ہزار کی نفسیاتی حد سے بھی گرتے ہوئے 485.76پوائنٹس کمی سی41960.80پوائنٹس کی سطح پر آگیاجب کہ حصص کی فروخت کا دباؤ بڑھنے کے باعث74.13فیصد حصص کی قیمتوں میںکمی ریکارڈ کی گئی جس سے سرمایہ کاروں کو84ارب52کروڑ43لاکھ روپے سے زائدکا نقصان اٹھانا پڑا اورحصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری حجم بھی بدھ کی نسبت2.11فیصدکم رہاتاہم کاروباری ہفتے کے آخری روزوزیر اعظم کے انتخاب پر سرمایہ کاروں نے مثبت ریسپانس دیتے ہوئے حصص کی خریداری کی جس کے نتیجے میںجمعہ کو مندی کے بادل چھٹ گئے اور تیزی کے باعث کے ایس ای100 انڈیکس485.82پوائنٹس اضافے سی42446.62پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا جب کہ حصص کی خریداری میں دلچسپی بڑھنے کے سبب 70.74فیصد حصص کی قیمتوں میںاضافہ ریکارڈ کیاگیا جس سے مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت میں 83ارب67کروڑ97لاکھ روپے سے زائدکااضافہ ہوا اورجس سے سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت بڑھ کر87کھرب3 ارب47 کروڑ5لاکھ52ہزار315روپے ہوگئی۔

اسٹاک ماہرین کے مطابق آئندہ ہفتہ عید تعطیلات سے قبل دو روز بھی مثبت اثرات برقرار رہنے کا امکان ہے ۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں