معدے کے امراض کا شکار افراد قربانی کا گوشت اور کلیجی رغبت سے نہ کھائیں‘ طبیبہ فرحت منظوم کے عیدالاضحی پر مشورے

پیر 20 اگست 2018 19:25

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2018ء) معروف خاتون حکیم طبیبہ فرحت منظوم نے عیدالاضحی کے موقع پر معدے کے امراض میں مبتلا افراد کو کھانا کھانے میں انتہائی احتیاط سے کام لینے کی ہدایت کی ہے۔ پیر کو جاری کردہ اعلامیہ میں انہوں نے کہا کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر گوشت کی زیادتی اکثر لوگوں کی صحت کو متاثر کر دیتی ہے۔ معدے کے امراض، شوگر، بلڈ پریشر اور یورک ایسڈ کی زیادتی کے مریض عید قرباں کے موقع پر قربانی کے گوشت اور کلیجی کھانے میں محتاط رہیں جبکہ گوشت میں زیادہ سے زیادہ ادرک کا استعمال کیا جائے اور معدے کے امراض کا شکار افراد ترش اورکھٹی اشیاء، مرچ وتیز مصالحہ جات، گھی وغیرہ کا استعمال کم کریں۔

فرحت منظوم نے کہا کہ خوراک میں روزانہ صحت کے لئے 90 گرام اور ہفتہ میں 500 گرام تک گوشت کا استعمال مفید ہوتا ہے تاہم اس میںزیادتی صحت کے مسائل کا سبب بن سکتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شوگرکے مریض بھی قربانی کے گوشت کو احتیاط کے ساتھ کھائیں کیونکہ شوگر کے مریضوں کیلئے سری پائے اور مغز نقصان دہ ہیں اور اس کے ساتھ ہی بلند فشار خون (ہائی بلڈ پریشر) کے مریض جو زائد کولیسٹرول کا شکار بھی ہوں ان کے لئے کلیجی، مغز، سری پائے نقصان کا باعث بن سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قربانی کے گوشت کو پکاتے وقت ادرک اور دہی کا زیادہ استعمال کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ عموماً گھروں میں گوشت کو کئی کئی ہفتے یا مہینوں تک فریز کر دیا جاتا ہے ایسا کرنے سے اس میں جراثیم پیدا ہو سکتے ہیں، کوشش کی جائے کہ گوشت 3 ہفتوں سے زیادہ فریز نہ ہو اور اس میں مصالحوں کا استعمال اعتدال کے ساتھ کیا جائے، کالے یرقان کے مریض بڑے کا گوشت استعمال نہ کریں، عید پر گوشت کھانے کے ساتھ کولڈرنک کا استعمال نہ کریں صرف پانی کا استعمال کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں