عید الاضحی پر عوام کو بہترین بلدیاتی سہولیات فراہم کریں گے‘ جان محمد بلوچ

پیر 20 اگست 2018 19:33

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2018ء) چیئرمین بلدیہ ملیر جان محمد بلوچ نے کہا ہے کہ عیدالاضحی کے موقع پر عوام کو بہترین بلدیاتی سہولیات کی فراہمی میں سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے افسران اپنا کلیدی کردار ادا کریں، عیدالاضحی کے موقع پر عوام کو صحت مندانہ اور صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے گئے ہیں، یو سی کی سطح پر تمام بلدیاتی نمائندے بلدیہ ملیر انتظامیہ کے ساتھ مل کر عوام کو مثالی بلدیاتی سہولیات فراہم کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے، آلائشیں اٹھانے کیلئے منظم پلان کے تحت اسپیشل ٹیمیں تشکیل دی ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے میونسپل کمشنر عمران اسلم کے ہمراہ عید الاضحی کے موقع پر آلائشوں کو محفوظ طریقے سے ٹھکانے لگانے کیلئے کھودی گئی ٹرنچ کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈائریکٹر سولڈ ویسٹ واثق ظفر ، ڈائریکٹر انفارمیشن سلیم خان اور دیگر بلدیاتی افسران بھی موجود تھے۔ چیئرمین بلدیہ ملیر کو ڈائریکٹر سولڈ ویسٹ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ عید الاضحی کے موقع پر آلائشوں کو سائنسی طریقے سے ٹھکانے لگانے کیلئے 2 ٹرنچ 100 فٹ لمبی 50 فٹ چوری جبکہ تیسری ٹرنچ 70 فٹ لمبی اور 50 فٹ چوری کی کھودی گئی ہیں۔

چیئرمین بلدیہ ملیر نے ڈائریکٹر سولڈ ویسٹ کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ عید الاضحی کے تینوں دن شکائتی مرکزکو فعال رکھا جائے، تمام عبادت و عیدگاہوں اور اجتماعی مذبحہ خانوں کے اطراف صفائی ستھرائی و دیگر بلدیاتی سہولیات میں کوئی کوتاہی نہ برتی جائے۔ مذبحہ گاہوں، کچرا کنڈیوں اور علاقوں میں آلائشوں اٹھانے کے بعد چونے کا چھڑکائو اور جراثیم کش ادویات کا اسپرے لازمی کیا جائے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں